لکھنؤ:11 مارچ (یواین آئی) رمضان المبارک کی 21 ویں تاریخ کے موقع پر بدھ کولکھنؤ میں شیعہ برادری کی جانب سے ایک بڑا جلوس نکالا گیا۔ نم آنکھوں کے ساتھ شیعہ برادری کے افراد نے حضرت علیؓ کا تابوت اٹھایا۔ جلوس کے راستے میں سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصاویر سڑک پر چسپاں کی گئیں تاکہ ایران۔اسرائیل جنگ کے خلاف احتجاج کیا جا سکے۔جلوس میں شامل لوگوں نے ان تصاویر کو پاؤں تلے روندتے ہوئے “یا علی مولا” اور “حیدر مولا” کے نعرے لگائے۔ ننگے پاؤں اور سیاہ لباس میں مرد و خواتین، بزرگ اور بچے تابوت کو چھونے اور بوسہ دینے کے لیے آگے بڑھتے رہے۔ یہ جلوس سعادَت گنج کے نجف امام باڑے سے شروع ہو کر تالکٹورا کے کربلا پر اختتام پذیر ہوا۔حیدر گنج میں روایت کے مطابق ایک کنویں کے نزدیک تابوت کو کچھ دیر کے لیے روکا گیا اور اس پر سیاہ چادر چڑھائی گئی۔ تقریباً چھ کلومیٹر طویل اس جلوس میں تقریبا پچاس ہزار افراد نے شرکت کی۔ جلوس صبح پانچ بجے شروع ہوا اور ساڑھے گیارہ بجے اختتام کو پہنچا۔
