ہومNationalحکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدید نوک جھونک کے بعد لوک سبھا...

حکومت اور اپوزیشن کے درمیان شدید نوک جھونک کے بعد لوک سبھا کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نئی دہلی، 09 فروری (یواین آئی) لوک سبھا میں ایوان چلانے کے لیے مصالحتی بات چیت کے باوجود پیر کو اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے درمیان شدید نوک جھونک ہوئی، جس کے باعث ایوان کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کرنی پڑی دو بار کارروائی ملتوی ہونے کے بعد دوپہر دو بجے جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اور پریزائڈنگ افسر سندھیا رائے نے بجٹ پر بحث شروع کرنے کے لیے کانگریس کے ڈاکٹر ششی تھرور کا نام لیا۔ انہوں نے ڈاکٹر تھرور کو بجٹ پر بولنے کے لیے کہا، لیکن ڈاکٹر تھرور نے کہا کہ اپوزیشن کے لیڈر ایوان میں بولنا چاہتے ہیں، یہ ان کا حق ہے مگر انہیں بولنے نہیں دیا جا رہا۔ مسز رائے نے کہا کہ سب کو بولنے کا حق ہے لیکن اس وقت صرف بجٹ پر ہی بات کی جا سکتی ہے۔اسی دوران اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی نے کہا کہ تقریباً ایک گھنٹہ پہلے وہ لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملے تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ انہیں ایوان میں کچھ مسائل پر بولنے کی اجازت دی جائے گی، لیکن کارروائی شروع ہوتے ہی حکومت اپنی بات سے پیچھے ہٹ گئی۔اس پر ہرئزائیڈنگ افسر نے وضاحت دی کہ ایوان میں صرف بجٹ پر ہی بات ہو سکتی ہے۔ کسی اور موضوع پر بولنے کے لیے پہلے نوٹس دینا ضروری ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو نے مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ جس ملاقات کا ذکر اپوزیشن لیڈر کر رہے ہیں، اس دوران وہ بھی اسپیکر کے کمرے میں موجود تھے۔ اس وقت اسپیکر نے کہا تھا کہ اگر ایوان پرسکون طریقے سے چلانے پر اتفاق ہوتا ہے تو بولنے کا موقع دیا جائے گا، لیکن کسی خاص موضوع پر بولنے کی بات نہیں ہوئی تھی۔اس کے بعد محترمہ رائے نے دوبارہ ڈاکٹر تھرور کو بجٹ پر بولنے کے لیے کہا لیکن انہوں نے کچھ نہیں کہا۔ دونوں طرف سے تکرار بڑھ گئی تو پریزائیڈنگ افسر نے ایوان کی کارروائی پورے دن کے لیے ملتوی کر دی۔اس سے پہلے صبح 11 بجے جیسے ہی اسپیکر اوم برلا نے سوال جواب کا سلسلہ شروع کیا تو اپوزیشن کے اراکین نے ہنگامہ شروع کر دیا، جس کے باعث کارروائی 12 بجے تک ملتوی کرنی پڑی۔ پھر 12 بجے ایوان شروع ہوا تو اپوزیشن کا رویہ وہی رہا، جس کے باعث کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی تھی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version