رائے پور، 24 مارچ (یو این آئی) : اڑیسہ اور چھتیس گڑھ کے درمیان صدیوں پرانے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے صدر محترمہ دروپدی مرمو نے پیر کو کہا کہ حد بندی ہو سکتی ہے لیکن دل میں کوئی دیوار نہیں ہو سکتی۔محترمہ مرمو نے یہ بات چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی کے سلور جوبلی سال کے تناظر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہاکہ “حد بندی کی کوئی حد ہو سکتی ہے لیکن دل میں دیوار نہیں ہو سکتی۔ چھتیس گڑھ کے لیے ٹھیک کہا جاتا ہے کہ چھتیس گڑھی سب سے بڑھیا (چھتیس گڑھیوں میں سب سے بہتر) ہے۔”دراصل اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر چرنداس مہنت نے اظہار تشکر کرتے ہوئے چھتیس گڑھ اور اڈیشہ کے تعلقات کا ذکر کیا تھا۔مسز مرمو نے اپنے خطاب کا آغاز جے جوہر سے کیا اور ریاست کے قیام کے لیے اٹل جی کا شکریہ ادا کیا۔ چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چھتیس گڑھ کے جنگلات، جنگلات میں رہنے والے شہریوں اور یہاں موجود معدنی دولت کا ذکر کیا اور کہا کہ ترقی اور فطرت کے درمیان توازن برقرار رکھنا آپ سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے چھتیس گڑھ کے ایم ایل اے سے کہا کہ جس طرح یہ اسمبلی مثالی ہے، اسی طرح چھتیس گڑھ کو ایک مثالی ریاست بنائیں۔اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے صدر مرمو نے گرو گھاسی داس اور پانچ بار رکن پارلیمنٹ منیماتا کو یاد کیا۔ انہوں نے کہاکہ ’’250 سال پہلے گرو گھاسی داس کا پیغام تھا مانکے مانکے ایک سماں جس کا مطلب ہے کہ تمام انسان برابر ہیں، یہ آئیڈیل قائم ہونا چاہیے۔‘‘ ایوان میں خواتین ایم ایل ایز کی موثر تعداد اور ریاست میں خواتین کی زیادہ حصہ داری کا تذکرہ کرتے ہوئے مسز مرمو نے کہاکہ ’’خواتین ایم ایل ایز کی تعداد بڑھانے کی کوشش کی جانی چاہیے۔‘‘صدر مرمو نے چھتیس گڑھ قانون ساز اسمبلی کی روایات کی ستائش کی اور اسے بہترین پارلیمانی طرز عمل کی منفرد مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ “اس ایوان نے 568 بل پاس کیے ہیں۔ اسمبلی بہترین پارلیمانی طرز عمل کی ایک انوکھی مثال ہے۔ اس ایوان نے جمہوری روایت کے اعلیٰ ترین معیار قائم کیے ہیں۔ سابق اور موجودہ ایم ایل ایز کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہو گا۔”
اس موقع پر گورنر رامین ڈیکا، اسمبلی اسپیکر ڈاکٹر رمن سنگھ، وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی اور کئی ایم ایل اے بھی موجود تھے۔
