سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات
جموں،یکم جولائی(یو این آئی) سالانہ شری امرناتھ یاترا 2025 کا پہلا قافلہ کل یعنی بدھ کو جموں کے بھگوتی نگر یاتری نواس بیس کیمپ سے روانہ ہوگا۔ یاترا کی روانگی کے پیش نظر جموں و کشمیر انتظامیہ نے فول پروف سیکورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔یاترا میں شامل سادھوؤں اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد یاتری نواس اور دیگر مراکز پر پہنچ چکی ہے، جہاں ’بم بم بھولے‘ اور ’ہر ہر مہادیو‘ کے نعروں سے ماحول متبرک بن گیا ہے۔ یاتری جنوبی کشمیر کے پہاڑی سلسلے میں واقع مقدس گپھا میں قدرتی طور پر بنے برف کے شیولنگم کے درشن کے لیے روانہ ہوں گے۔یاتریوں کی سہولت کے لیے سرسوتی دھام میں ٹوکن تقسیم مرکز کھولا گیا ہے، جہاں روزانہ صرف 2,000 یاتریوں کو آف لائن رجسٹریشن کی اجازت دی جا رہی ہے۔ رجسٹریشن کے دیگر مراکز ویشنو دھام، پنچایت بھون اور مہاجن سبھا میں صبح 7 بجے سے فعال ہو جاتے ہیں۔ایک یاتری نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا:’میں نے آن لائن رجسٹریشن کرایا اور گزشتہ شب جموں پہنچ گیا۔ یہاں کے انتظامات واقعی قابل ستائش ہیں، چاہے وہ لنگر ہو، ٹرانسپورٹ یا سیکیورٹی۔‘جموں کے ڈویژنل کمشنر رمیش کمار کے مطابق، اس سال یاترا ریلوے کے بجائے صرف سڑک کے ذریعے ہی کی جائے گی، تاکہ سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں پر مکمل نگرانی رکھی جا سکے۔ اس ضمن میں جموں، کٹھوعہ، سانبہ، ادھمپور اور رام بن اضلاع میں 60 آر ایف آئی ڈی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ جموں ڈویژن میں 141 لاجمنٹ مراکز اور 52 لنگر پوائنٹس کے علاوہ 24 گھنٹے فعال انفارمیشن ہیلپ ڈیسک یاتریوں کی رہنمائی کے لیے قائم کیے گئے ہیں۔جموں کے مقامی لوگوں نے بھی یاتریوں کے استقبال کے لیے جوش و خروش کا مظاہرہ کیا ہے۔ مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ یاترا کے آغاز سے شہر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور وہ زائرین کو خوش آمدید کہنے کے لیے تیار ہیں۔محکمہ ٹریفک کی جانب سے یاترا قافلوں کی روانگی کے وقت سڑکوں پر چلنے والی نجی و تجارتی گاڑیوں کے لیے مخصوص ایڈوائزری بھی جاری کر دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق، یاترا کی پرامن اور محفوظ تکمیل کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، جبکہ کٹھوعہ کے لکھن پور راہداری کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا گیا ہے، جہاں یاتری جموں و کشمیر میں داخل ہوتے ہی مکمل رہنمائی حاصل کر سکیں گے۔سیکورٹی کے سلسلے میں جموں، ادھمپور، رام بن اور دیگر اہم مقامات پر کثیر تعداد میں سیکورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ قافلے کی ہر حرکت کو نگرانی میں رکھنے کے لیے سی سی ٹی وی، ڈرونز، آر ایف آئی ڈی مراکز اور خصوصی کنٹرول رومز قائم کیے گئے ہیں۔انتظامیہ نے زائرین کے لیے قیام و طعام، طبی سہولیات، ٹرانسپورٹ اور دیگر بنیادی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ یاتریوں کے لیے 24 گھنٹے فعال ہیلپ لائن نمبر بھی جاری کیا گیا ہے۔
