2 کـــروڑ سے زائد کی نقدی برآمـــد
بھوونیشور، 30 مئی:۔ (ایجنسی) اوڈیشہ میں ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ نے جمعہ کو ایک چیف انجینئر کے 7 مقامات پر چھاپے مارے۔ اس دوران ان کے دو گھروں سے 2 کروڑ سے زیادہ کی نقدی برآمد ہوئی۔ لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات اور مہنگے کپڑے بھی ملے۔ اوڈیشہ ویجیلنس ٹیم کو چیف انجینئر بیکنتھ ناتھ سارنگی کے خلاف ان کی آمدنی سے غیر متناسب اثاثے رکھنے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔ اس بنیاد پر اسپیشل جج نے سرچ وارنٹ جاری کیا۔ چھاپے کے لیے 8 ڈی ایس پیز، 12 انسپکٹرز اور 6 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی۔ ویجیلنس ٹیم نے جمعہ کو سارنگی کے سات مقامات پر بیک وقت چھاپے مارے۔ آپریشن کے دوران چیف انجینئر بھونیشور میں اپنے فلیٹ میں تھے۔ جب اسے ویجیلنس ٹیم کی آمد کا علم ہوا تو اس نے ثبوت مٹانے کے لیے فلیٹ کی کھڑکی سے 500 روپے کے نوٹوں کے بنڈل پھینکنا شروع کر دیے۔ انجینئر کی شناخت بیکنتھ ناتھ سارنگی کے طور پر کی گئی ہے جو اڈیشہ حکومت کا ملازم ہیں۔ وہ ریاست کے دیہی ترقی کے محکمے میں کام کرتے ہیں۔ ان پر شبہ ہے کہ ان کی آمدنی سے غیر متناسب اثاثے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ انجینئر کی رہائش گاہ اور دفتر میں تلاشی جاری ہے۔ ویجیلنس ڈپارٹمنٹ کے مطابق سارنگی کی جن جائیدادوں کی تلاشی لی گئی ان میں کراداگڈیا (انگول) میں ایک دو منزلہ مکان، بھونیشور کے ڈمڈوما میں ایک فلیٹ اور پوری کے سیولہ میں ایک اور فلیٹ شامل ہیں۔ برآمد کی گئی کل نقدی میں سے ایک کروڑ روپے بھونیشور میں سارنگی کے فلیٹ سے ضبط کیے گئے تھے۔ جبکہ ان کی انگول رہائش گاہ سے 1.1 کروڑ روپے ملے ہیں۔
افسران نے نوٹوں کو گننے کے لیے کرنسی گننے والی مشینوں کا استعمال کیا۔ ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق چھاپے کے دوران اتنی بڑی رقم کی برآمدگی بدعنوانی کا سنگین معاملہ ہے۔ محکمہ اب اس معاملے کی مزید تحقیقات کر رہا ہے۔ اب وہ یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ سارنگی نے یہ جائیداد کیسے حاصل کی۔
