نئی دہلی، 02 فروری (یواین آئی) صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر پیر کو بحث کا آغاز کرتے ہوئے مرکزی بندرگاہ، جہاز رانی اور آبی گزرگاہوں کے وزیر سربانند سونووال نے کہا کہ اس میں ترقی یافتہ ہندوستان کے اہداف واضح طور پر جھلکتے ہیں مسٹر سونووال نے کہا کہ خطاب میں ترقی کے اہداف کو جامع انداز میں شامل کیا گیا ہے اس میں دلت، نوجوانوں، قبائلیوں اور خواتین کی ترقی پر مناسب توجہ دی گئی ہے۔ اس میں خود انحصار اور ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔ یہ اہداف مقصد اور اصولوں کو حاصل کرنے والے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک 2014 سے مسلسل ترقی کے راستے پر گامزن ہے۔ وزیرِاعظم نریندر مودی کے قومی مفاد کے لیے کیے جا رہے کاموں کا خطاب میں واضح ذکر ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلسل ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی کی جا رہی ہے۔ ملک کی معیشت دنیا کی چوتھی سب سے بڑی معیشت بن گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ 2014 میں مہنگائی نو فیصد تھی جو اب 4.6 فیصد پر پہنچ گئی ہے۔ ڈیجیٹل معاملات میں ملک اتنا آگے بڑھ گیا ہے کہ جتنے لین دین دنیا بھر میں ہوتے ہیں، اس سے زیادہ لین دین صرف ملک میں ہی ہوتے ہیں۔ ملک میں معیاری خدمات کا نظام شروع کیا گیا ہے۔ خواتین کو آگے بڑھانے کے لیے گزشتہ چند برسوں میں متعدد اقدامات کیے گئے ہیں، ایسے اقدامات متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے) کے دورِ حکومت میں کبھی نہیں دیکھے گئے۔مسٹر سونووال نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں شمال مشرقی خطہ تاریخی طور پر ترقی کر رہا ہے۔ موجودہ وقت میں شمال مشرق کا ہمہ جہتی ترقی ہو رہا ہے۔ یو پی اے حکومت کے دور میں آسام کی طرف دیکھا بھی نہیں جا رہا تھا۔ وزیرِاعظم شمال مشرق کی ترقی کو لے کر کتنے سنجیدہ ہیں، یہ اسی سے سمجھا جا سکتا ہے کہ وہ 70 مرتبہ شمال مشرق کا دورہ کر چکے ہیں۔انہوں نے اپوزیشن کے اراکین سے اپیل کی کہ وہ حکومت کے ساتھ مل کر ملک کی ترقی میں تعاون دیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی کے تیجسوی سوریہ نے بحث میں شامل ہوتے ہوئے یو پی اے حکومت کے 2004 سے 2014 کے خطابات کا ذکر کیا اور کہا کہ ان میں ترقی یافتہ ہندوستان کی بات تک نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ غیر مستحکم عالمی معیشت کے دور میں ہندوستان کی معیشت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے دور میں دہشت گردی اور نکسل واد کے واقعات آئے دن ہوتے رہتے تھے، لیکن اب دہشت گردانہ واقعات کا منہ توڑ جواب دیا جا رہا ہے۔ حکومت کی کوششوں سے نکسل واد کا مسئلہ خاتمے کی طرف ہے۔ نکسل واد کا مسئلہ اب صرف تین اضلاع تک محدود رہ گیا ہے۔مسٹر سوریہ نے کہا کہ مودی حکومت کے دور میں ملک میں ہمہ جہتی ترقی ہو رہی ہے۔
