نئی دہلی، 19 نومبر (یو این آئی) کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، اور لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی نے بدھ کے روز یہاں سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کے یوم پیدائش پر ان کی یادگار، شکتی استھل پر پہنچ کر انہںي خراج عقیدت پیش کیا محترمہ اندرا گاندھی کے 108 ویں یوم پیدائش کے موقع پر ان کی سمادھی پر یادگاری میٹنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں کانگریس کے سرکردہ لیڈروں نے شرکت کی اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔کانگریس کے قومی صدر مسٹر ملک ارجن کھڑگے نے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا، “محترمہ اندرا گاندھی کی مثالی اور متحرک قیادت ہمیشہ باشندگان وطن کے لیے باعث تحریک رہے گی، جس میں انہوں نے بے پناہ سیاسی جرات کا مظاہرہ کیا۔ عوامی خدمت کے تئيں ان کے پختہ عزم اور لگن سے ہندوستان کی ترقی پر انمٹ نقوش مرتب ہوئے ہيں۔”انہوں نے کہا کہ “ملک کے اتحاد اور سالمیت کے لیے ان کی عظیم قربانی ہمارے بے پناہ احترام کا مستحق ہے۔ ان کے یوم پیدائش پر، ہم ان کی لازوال میراث کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔”مسٹر راہل گاندھی نے اپنے پیغام میں کہا، “میری دادی نے مجھے ملک کے لیے بے خوف فیصلے کرنے اور قومی مفاد کو ہر حال میں اولیت دینے کی ترغیب دی ہے۔ ان کی ہمت، حب الوطنی اور اخلاقی کردار سے مجھے اب بھی ناانصافی کے خلاف مضبوطی سے کھڑے ہونے کی ترغیب ملتی ہے۔”
