اونتی پورہ ،16؍مئی (ایجنسی) : جنوبی کشمیر کے شوپیاں اور ترال علاقوں میں حالیہ دنوں ہوئے انکاؤنٹرز کو سیکورٹی ایجنسیز کی مربوط حکمت عملی اور تال میل کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ان جھڑپوں سے عسکریت پسندوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ حالیہ دنوں ہوئے ان انکاؤنٹرز کے متعلق اونتی پورہ میں قائم وکٹر فورس میں جمعہ کو فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی جانب سے ایک پریس کانفرنس کے دوران سیکورٹی ایجنسیز نے ان باتوں کا اظہار کیا۔وکٹر فورس ہیڈکوارٹر میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی او سی وکٹر فورس میجر جنرل دھننجے جوشی، انسپکٹر جنرل پولیس (کشمیر رینج) وجے کمار بردھی اور سی آر پی ایف کے آئی جی متیش جین نے بتایا کہ ’’دونوں انکاؤنٹرز سکیورٹی اداروں کے درمیان ہم آہنگی کی عملی مثال تھے۔‘‘فوج کے مطابق شوپیاں اور ترال میں ہونے والی جھڑپیں پہلگام حملے کے ہوئیں، جو کہ ایجنسیز کی مشترکہ حکمت عملی کا حصہ تھیں۔ جی او سی نے مزید کہا کہ دونوں کارروائیاں مختلف زاویوں سے کی گئیں لیکن ہر ایک میں سیکیورٹی اہلکاروں نے غیرمعمولی بہادری کا مظاہرہ کیا۔آئی جی پولیس وجے کمار نے دعویٰ کیا کہ ان کارروائیوں سے عسکریت پسندوں کو شدید نقصان ہوا ہے اور اس سے خطے میں سرگرم دہشت گرد نیٹ ورک کو کمزور کرنے میں بڑی مدد ملی ہے۔سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسر متیش جین نے کہا کہ آنے والے وقت میں بھی تمام سیکیورٹی ایجنسیاں مشترکہ طور پر کام کریں گی تاکہ دہشت گردی کے خلاف مؤثر کارروائی جاری رکھی جا سکے۔
