ساؤ پالو/نئی دہلی، 16 اپریل (یو این آئی) زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے برازیل کی ممتاز زرعی کاروباری برادری کے ساتھ تفصیلی بات چیت کی اور انہیں ہندوستان کے دورے پر آنے کی دعوت دی مسٹر چوہان نے ، جو ان دنوں برازیل کے دورے پر ہیں، بدھ کو ساؤ پالو میں برازیل کی کسان برادری کے 27 نمائندوں سے بات چیت کی،جن میں کسانوں کے علاوہ زرعی کاروبار، پالیسی ساز اور ماہرین بھی شامل تھے۔بات چیت کے دوران مسٹر چوہان نے ہندوستان اور برازیل کے درمیان زرعی تجارت کو فروغ دینے، بہتر پیداواری تکنیکوں کے تبادلے، فوڈ پروسیسنگ کی جدید تکنیکوں کو اپنانے، بائیو فیول اور بائیو انرجی کی پیداوار میں تعاون، تکنیکی اختراعات اور سپلائی چین کے انضمام پر تفصیلی بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور برازیل کی مشترکہ کوششیں عالمی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔ انہوں نے برازیل کی طرف سے زراعت میں مشینری کے وسیع استعمال کی تعریف کی، خاص طور پر کپاس اور سویابین کی کٹائی میں اور ان کے دیگر شعبوں میں تعاون کی امید ظاہر کی۔برازیل کے چیمبر آف کامرس کے مطابق ہندوستان-برازیل کی زرعی تجارت اس وقت تقریباً 3 بلین ڈالر کی ہے، جبکہ 15-20 بلین ڈالر تک پہنچنے کی اس کی صلاحیت ہے۔
برازیل بنیادی طور پر کھاد، سویابین، غذائی فصلیں، چینی، گوشت اور سبزیاں برآمد کرتا ہے۔برازیل کی زرعی برادری کو ہندوستان کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے مسٹر چوہان نے کہا کہ یہ باہمی تجربات اور تکنیکی شراکت کو مزید مضبوط کرنے کا موقع ہوگا۔وزیر اعظم نریندر مودی کے ‘واسدھئیو کٹمبکم، کے وژن اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کی پالیسی کے تحت اس ڈائیلاگ کا اہتمام کیا گیا تھا۔ (فو ٹو )
