ہومNationalمیانمار میں 7.7 شدت کا زلزلہتھائی لینڈ اور چین سے لے کر...

میانمار میں 7.7 شدت کا زلزلہتھائی لینڈ اور چین سے لے کر بھارت تک زمین لرز گئی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ؛ ہندوستانی سفارتخانہ نے جاری کیا ایمرجنسی نمبر

نئی دہلی، 28 مارچ:۔ (ایجنسی) جمعہ (28 مارچ) کو وسطی میانمار میں 7.7 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے اور ملک کے دوسرے سب سے بڑے شہر منڈالے میں کئی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں بھی عمارتیں لرز اٹھیں۔ بنکاک میں ایک زیر تعمیر 30 منزلہ عمارت گرنے سے کم از کم تین افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ریاستہائے متحدہ کے جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) نے کہا کہ زلزلہ 10 کلومیٹر کی گہرائی میں تھا۔ اس کے بعد 6.4 شدت کا ایک طاقتور آفٹر شاک آیا۔ زلزلے کا مرکز منڈالے شہر سے تقریباً 17.2 کلومیٹر دور تھا۔ تھائی لینڈ اور میانمار دونوں نے زلزلے کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ چین کی خبر رساں ایجنسی ژنہوا کا کہنا ہے کہ میانمار کی سرحد سے متصل جنوب مغربی صوبہ یونان میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے تاہم جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ بھارت کے مغربی بنگال اور منی پور میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ بنگلہ دیش میں بھی 7.3 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

سیکڑوں ہلاکتوں کا خدشہ
بی بی سی کی ایک رپورٹ کے مطابق میانمار کے دوسرے سب سے بڑے شہر مانڈلے میں ایک بچاؤ اہلکار نے بتایا کہ زلزلہ کی وجہ سے وہاں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔ انھوں نے اموات کو لے کر کوئی حتمی تعداد تو نہیں بتائی، لیکن یہ ضرور کہا کہ جس طرح کا نقصان دیکھنے کو مل رہا ہے، اس سے اندیشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زیادہ ہے۔ ریڈ کراس کا بھی کہنا ہے کہ اس حادثہ میں بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔
قدیم شاہی محل کو نقصان
ریڈ کراس کا کہنا ہے کہ ’’شروعاتی زمینی خبروں سے اشارے مل رہے ہیں کہ زلزلہ نے کافی نقصان پہنچایا ہے۔ انسانی امداد کو لے کر جانکاری حاصل کی جا رہی ہے۔‘‘ اس درمیان جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، ان میں بتایا جا رہا ہے کہ مانڈلے قدیم شاہی محل اور عمارتوں کا کچھ حصہ متاثر ہوا ہے۔ حالانکہ یہ شہر زلزلہ متاثرہ علاقے میں ہے اور عام طور پر آبادی کم ہے۔ یہاں بیشتر عمارتیں کم اونچائی والی ہیں۔
چین میں بھی زلزلے کا اثر
میانمار کی راجدھانی نیپیتا میں زلزلہ سے مذہبی مقامات کو بھی بہت نقصان پہنچا ہے۔ کئی عبادت گاہوں کے کچھ حصے منہدم ہو گئے ہیں، اور کچھ گھر بھی متاثر ہوئے ہیں۔ اس زلزلہ کا اثر چین میں بھی بہت زیادہ دیکھنے کو ملا ہے۔ چینی میڈیا میں شائع خبروں کے مطابق زلزلہ کا جھٹکا چین کے یُنّان اور سچوان علاقوں میں واضح طور پر محسوس کیا گیا۔ میانمار کی سرحد پر واقع روئلی شہر میں کئی مکان متاثر بھی ہوئے ہیں، اور کئی افراد کے زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔
ہندوستان نے ایمرجنسی نمبر جاری کیا
اس درمیان تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارتخانہ نے ہندوستانی شہریوں کے لیے سیکورٹی کا خاص انتظام کیا ہے۔ سفارتخانہ نے ایمرجنسی نمبر 618819218 66+ جاری کر دیا ہے تاکہ تھائی لینڈ میں موجود ہندوستانیوں کو ہر طرح کی مدد مل سکے اور ان کے اہل خانہ کو بھی صحیح صورت حال کا پتہ چل سکے۔ بینکاک میں ہندوستانی سفارتخانہ تھائی افسران کے ساتھ رابطہ قائم کر حالات پر نظر رکھ رہی ہے اور جانکاری دی ہے کہ اب تک کسی ہندوستانی شہری کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ بینکاک اور چیانگ مائی میں ہندوستانی سفارت خانہ کے سبھی اراکین محفوظ ہیں۔ تھائی لینڈ میں ہندوستانی سفارت خانہ کا کہنا ہے کہ اگر کہیں بھی کوئی ہندوستانی شہری پھنسے ہیں، تو وہ ایمرجنسی نمبر پر (618819218 66+) فون کر سکتے ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version