نئی دہلی، 24 دسمبر (یو این آئی) ریل دیولپمنٹ کارپوریشن کے نو مقررہ چیئرمین و مینیجنگ ڈائریکٹر سلیم احمد نے منگل کے روز اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔سلیم احمد کو سول انجینئرنگ کے شعبے میں 33 سال سے زائد کا تجربہ ہے۔ ریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن سے وابستہ ہونے سے قبل وہ سرکاری تعمیراتی کمپنی این بی سی سی (انڈیا) میں پروجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے۔ اس سے پہلے وہ دہلی میٹرو ریل کارپوریشن میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر بھی رہ چکے ہیں اور ممبئی پورٹ ٹرسٹ کے ساتھ بھی کام کر چکے ہیں۔ بڑے اور کثیر الجہتی بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں میں انہیں طویل تجربہ حاصل ہے، جبکہ پلوں، سرنگوں اور رہائشی و تجارتی عمارتوں کی تعمیر میں انہیں خصوصی مہارت حاصل ہے۔انہوں نے 1990 میں دہلی کی جامعہ ملیہ اسلامیہ سے سول انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی تھی۔ عوامی شعبے کی نورتن کمپنی ریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن وزارتِ ریلوے کے تحت کام کرتی ہے اور گزشتہ دو دہائیوں سے ریلوے سے متعلق بنیادی ڈھانچے کے پروجیکٹوں کو عملی جامہ پہنا رہی ہے۔ اب تک یہ ادارہ 157 پروجیکٹوں کو کامیابی سے مکمل کر چکا ہے۔ اس وقت ریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن 10 شہروں میں میٹرو پروجیکٹوں پر کام کر رہی ہے۔
