جھارکھنڈ کے رہنے والے 9 افراد کی موت
پرولیا، 20 جون (ہ س)۔ مغربی بنگال کے پرولیا میں بلرام پور تھانے کے تحت نامشول گاؤں میں پرائمری اسکول کے قریب جمعہ کی صبح سڑک حادثے میں 9 لوگوں کی موت ہوگئی۔ حادثے کا شکار ہونے والے تمام افراد جھارکھنڈ کے رہنے والے تھے۔ یہ حادثہ جمشید پور-پرولیا قومی شاہراہ 18 پر پیش آیا۔ پولیس کے مطابق بلرام پور سے آنے والا ٹریلر اور مخالف سمت سے آنے والی ایک بولیرو آپس میں ٹکرا گئے۔ جس کی وجہ سے دونوں گاڑیاں الٹ گئیں۔ مقامی لوگوں اور بلرام پور پولیس نے خون میں لت پت 9 افراد کو بولیرو سے نکال کر بلاک پرائمری ہیلتھ سنٹر لے گئے۔ ڈاکٹر نے ان سب کو مردہ قرار دے دیا۔ بولیرو میں سوار لوگ جو جھارکھنڈ کے نیم ڈیہہ علاقے سے پورولیا میں ایک شادی کی تقریب میں شرکت کے بعد واپس آ رہے تھے، حادثے کا شکار ہوئے۔ مرنے والوں میں برہسپتی مہتو، گروپد مہتو، شنکر مہتو، وجے مہتو، اجے مہتو، کرشنا مہتو، سوپن مہتو شامل ہیں۔ یہ سبھی جھارکھنڈ کے نیمڈیہہ تھانے کے تحت تلائیٹانڑ گاؤں کے رہنے والے تھے۔ اس کے علاوہ نیمڈیہہ تھانہ کے تحت رگھوناتھ پور گاؤں کے رہنے والے چندرموہن مہتو اور مرو گاؤں کے رہنے والے چترنجن مہتو کی بھی اس حادثے میں موت ہوگئی۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ ابھیجیت بنرجی نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تمام 9 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔ حادثے کی وجہ کی تفتیش جاری ہے۔ حادثے کے بعد موقع سے فرار ہونے والے ٹریلر ڈرائیور اور اس کے معاون کی تلاش جاری ہے۔
