صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے حلف دلایا
نئی دہلی، 15 دسمبر:۔ (ایجنسی) سابق آئی اے ایس افسر راج کمار گوئل نے پیر، 15 دسمبر کو ملک کے نئے چیف انفارمیشن کمشنر کے طور پر اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے انہیں عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حکام کے مطابق، وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی تین رکنی سلیکشن کمیٹی نے ان کے نام کی سفارش کی تھی۔ واضح رہے کہ چیف انفارمیشن کمشنر کا عہدہ 13 ستمبر 2025 سے خالی تھا، جب سابق سی آئی سی ہیرالال سامریا کی میعاد مکمل ہو گئی تھی۔ تقریباً تین ماہ تک یہ اہم آئینی عہدہ خالی رہنے کے بعد اب مرکزی اطلاع کمیشن کو نیا سربراہ مل گیا ہے۔ راج کمار گوئل کی تقرری سے کمیشن کے کام کاج میں تیزی اور مضبوطی آنے کی امید ظاہر کی جا رہی ہے۔راج کمار گوئل 1990 بیچ کے اروناچل پردیش-گوا-میزورم اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں (AGMUT) کیڈر کے ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر ہیں۔ انہوں نے 31 اگست کو وزارتِ قانون و انصاف کے تحت محکمۂ انصاف میں سیکریٹری کے عہدے سے سبکدوشی اختیار کی تھی۔ اس سے قبل وہ وزارتِ داخلہ میں سیکریٹری (بارڈر مینجمنٹ) کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔اپنے طویل انتظامی کیریئر کے دوران راج کمار گوئل نے مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ سابقہ ریاست جموں و کشمیر میں بھی کئی اہم ذمہ داریاں نبھائیں اور انتظامی امور میں نمایاں تجربہ حاصل کیا۔
