نئی دہلی، 22 دسمبر (یواین آئی)کانگریس کے سابق صدر اور لوک سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے مودی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ ملک کی جمہوریت اور منریگا کو ختم کر کے “بلڈووز” کر رہی ہے محترمہ واڈرا اور مسٹر گاندھی نے پیر کو سوشل میڈیا پر یہ تبصرے اپنی والدہ اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی کے ایک انگریزی اخبار میں شائع ہونے والے ایک مضمون کی حمایت میں کیے، جس میں محترمہ گاندھی نے کہا کہ منریگا کو ختم کرکے مودی حکومت نے لاکھوں منریگا کارکنوں کے حقوق پر قدغن لگا دی ہے۔مسٹر گاندھی نے اپنی پوسٹ میں کہاکہ “کوئی عوامی ڈائیلاگ نہیں، پارلیمنٹ میں کوئی بحث نہیں، ریاستوں کی رضامندی نہیں – مودی حکومت نے منریگا اور جمہوریت دونوں کو بلڈوز کر دیا ہے۔ یہ ترقی نہیں، بلکہ تباہی ہے – جس کی قیمت لاکھوں محنتی ہندوستانی اپنی روزی روٹی کھو کر ادا کریں گے۔ براہ کرم محترمہ گاندھی کا مضمون پڑھیں، جو اس سنگین مسئلے کے ہر پہلو کو بے نقاب کرتا ہے۔”محترمہ واڈرا نے کہاکہ “منریگا نے مہاتما گاندھی کے سروودیا (سب کی فلاح و بہبود) کے وژن کو پیش کیا اور کام کرنے کے آئینی حق کو نافذ کیا۔ اس کا خاتمہ ہماری اجتماعی اخلاقی ناکامی ہے- جس کے مالی اور انسانی نتائج آنے والے برسوں تک ہندوستان کے لاکھوں محنت کش لوگوں کے لیے سنگین ہوں گے۔
