قاضی رنگا ایلیویٹڈ کوریڈور منصوبے کے بھومی پوجن کے موقع پر بولےوزیر اعظم مودی
گوہاٹی/نئی دہلی، 18 جنوری (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ قاضی رنگا نیشنل پارک آسام کی روح اور حیاتیاتی تنوع کا ایک انمول رتن ہے اور یہ یونیسکو کی جانب سے عالمی ثقافتی ورثہ قرار دی گئی ایک انمول وراثت ہے۔مسٹر مودی نے اتوار کے روز آسام کے کالیابور میں قاضی رنگا ایلیویٹڈ کوریڈور منصوبے کے بھومی پوجن کے موقع پر ان خیالات کا اظہار کیا۔ تقریباً 6,950 کروڑ روپے مالیت کا یہ منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کی ایک منفرد مثال مانا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ طویل عرصے تک یہ تصور رہا کہ فطرت اور ترقی ایک دوسرے کے مخالف ہیں، لیکن آج ہندوستان دنیا کو دکھا رہا ہے کہ ماحولیاتی تحفظ اور ترقی ساتھ ساتھ چل سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب فطرت کا تحفظ ہوتا ہے، تو اس کے ساتھ ہی نئے مواقع بھی پیدا ہوتے ہیں۔وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں بتایا کہ 86 کلومیٹر طویل اس قومی شاہراہ کے منصوبے میں 35 کلومیٹر کا ایلیویٹڈ وائلڈ لائف کوریڈور شامل ہے، جو قاضی رنگا نیشنل پارک سے گزرے گا۔ اس کے علاوہ، اس منصوبے میں 21 کلومیٹر کا بائی پاس اور 30 کلومیٹر سڑک کو دو لین سے چار لین تک وسعت دینا بھی شامل ہے۔اس کوریڈور کی تعمیر سے گاڑیاں اوپر (پل) سے گزریں گی، جبکہ نیچے جنگلی جانوروں کی آمد و رفت بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہے گی۔ اس سے انسانوں اور جنگلاتی طرز زندگی کے درمیان تصادم اور سڑک کے حادثات میں کمی آئے گی۔ یہ منصوبہ ناگاؤں، کاربی آنگلونگ اور گولا گھاٹ اضلاع سے گزرے گا اور بالائی آسام، خاص طور پر ڈبرو گڑھ اور تنسکیا کے درمیان رابطوں کو مضبوط کرے گا۔ جکھل بندھا اور بوکا کھاٹ میں بائی پاس بننے سے شہری علاقوں میں ٹریفک کا دباؤ بھی کم ہو جائے گا۔وزیر اعظم مودی نے کہا کہ حالیہ برسوں میں قاضی رنگا میں سیاحت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ اس سے ہوم اسٹے، گائیڈ سروسز، ٹرانسپورٹ، دستکاری اور چھوٹے کاروباروں کے ذریعے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع ملے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ سے نہ صرف فطرت محفوظ رہتی ہے بلکہ مقامی معیشت بھی مضبوط ہوتی ہے۔مسٹر مودی نے کہا کہ ایک وقت تھا جب آسام میں گینڈوں کا غیر قانونی شکار ایک بڑا مسئلہ تھا، لیکن حکومت کی سخت پالیسی، جدید ٹیکنالوجی، بہتر نگرانی اور ‘ون درگا، جیسے اقدامات کی وجہ سے سال 2025 میں گینڈے کے شکار کا ایک بھی واقعہ سامنے نہیں آیا۔ انہوں نے اسے آسام حکومت اور مقامی لوگوں کی اجتماعی کامیابی قرار دیا۔وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں آج ایک بار پھر قاضی رنگا آنے کا موقع ملا ہے اور ایسے میں ان کے پچھلے دورے کی یادیں فطری طور پر تازہ ہو گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو سال قبل قاضی رنگا میں گزارے گئے لمحات ان کی زندگی کے خاص ترین تجربات میں شامل ہیں۔ اس دوران انہیں قاضی رنگا نیشنل پارک میں رات گزارنے کا موقع ملا تھا اور اگلے دن ایلیفینٹ سفاری کے دوران انہوں نے اس علاقے کی قدرتی خوبصورتی کو بہت قریب سے محسوس کیا تھا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آسام آکر انہیں ہمیشہ ایک الگ ہی خوشی کا احساس ہوتا ہے۔مسٹر مودی نے ماحولیاتی تحفظ کی سمت میں حکومت کی کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک دہائی میں ملک میں جنگلات اور درختوں کا رقبہ بڑھا ہے۔ انہوں نے ‘ایک پیڑ ماں کے نام، مہم کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ اس عوامی شرکت کی مہم کے تحت اب تک 260 کروڑ سے زائد درخت لگائے جا چکے ہیں۔مسٹر مودی نے کہا کہ آج بی جے پی پورے ملک میں لوگوں کی پہلی پسند بن چکی ہے اور گزشتہ ڈیڑھ سال کے دوران پارٹی پر عوام کا بھروسہ مسلسل بڑھا ہے۔ انہوں نے بہار کے حالیہ انتخابات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ 20 سال بعد بھی وہاں کی عوام نے بی جے پی کو ریکارڈ ووٹ اور ریکارڈ سیٹیں دی ہیں۔ اس کے علاوہ مہاراشٹرا کے بڑے شہروں میں ہونے والے میئر اور کونسلر کے انتخابات میں بھی پہلی بار بی جے پی کو ریکارڈ مینڈیٹ ملا ہے۔مسٹر مودی نے کانگریس پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار اور کچھ ووٹ حاصل کرنے کے لیے کانگریس نے دہائیوں تک آسام کی زمین دراندازوں کے حوالے کیے رکھی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس کے دورِ حکومت میں ریاست میں دراندازی مسلسل بڑھتی گئی، جس کا خمیازہ آسام کو بھگتنا پڑا۔اس دوران وزیر اعظم مودی نے دو نئی امرت بھارت ایکسپریس ٹرینوں—گوہاٹی (کامکھیا)-روہتک اور ڈبرو گڑھ-لکھنؤ (گومتی نگر)—کو ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی گوہاٹی سے کولکاتہ کے درمیان وندے بھارت سلیپر ٹرین کا بھی اعلان کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بہتر ریل اور سڑک رابطوں سے تجارت، تعلیم اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔وزیر اعظم نے کہا کہ شمال مشرقی ہندوستان طویل عرصے تک ترقی کے مرکزی دھارے سے دور رہا، لیکن اب یہ خطہ ملک کے دل اور دہلی کے مزید قریب آ گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آسام کا ریل بجٹ پہلے کے مقابلے میں پانچ گنا بڑھا دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے بنیادی ڈھانچے میں تیزی سے ترقی ہو رہی ہے۔پروگرام میں آسام کے گورنر لکشمن پرساد آچاریہ، وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما، مرکزی وزیر سربانند سونووال سمیت کئی معزز شخصیات موجود تھیں۔ وزیر اعظم نے اس منصوبے کے لیے آسام کے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ آنے والی نسلوں کے لیے ترقی اور تحفظ کی مضبوط بنیاد رکھے گا۔
