نئی دہلی، 20 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ملک کی اہم مرکزی پولیس فورس، سشستر سیما بل (ایس ایس بی) کے یوم تاسیس پر اس کے تمام جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو مبارکباد دی اور ان کے تئیں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔مسٹر مودی نے کہا کہ ایس ایس بی کی غیر متزلزل وابستگی خدمت کی اعلیٰ روایات کی عکاسی کرتی ہے اور فرض شناسی کا یہ جذبہ ملک کی حفاظت کا ایک مضبوط ستون بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجنگ علاقوں سے لے کر سخت مہمات تک ایس ایس بی ہمیشہ الرٹ رہتا ہے۔وزیر اعظم نے ہفتہ کو سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کہا کہ’’میں سشستر سیما بل کے یوم تاسیس پر اس فورس سے وابستہ تمام اہلکاروں کو دلی مبارکباد دیتا ہوں۔ ایس ایس بی کی غیر متزلزل وابستگی خدمت کی اعلیٰ روایات کی عکاسی کرتی ہے۔ فرض کی ان کی لگن ہمارے ملک کی سلامتی کا ایک مضبوط ستون ہے۔ چیلنجنگ علاقوں سے لے کر سخت آپریشنل حالات تک، ایس ایس بی ہمیشہ الرٹ رہتا ہے۔ ان کی آگے کوششوں کے لیے نیک تمنائیں۔‘‘مسٹر شاہ نے کہا کہ ایس ایس بی کے تمام جوانوں اور ان کے اہلِ خانہ کو یوم تاسیس کی مبارکباد۔ انہوں نے کہا کہ سرحدوں کی حفاظت سے لے کر بحران کے وقت شہریوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے رہنے تک، سشستر سیما بل نے ہمیشہ ملک کو فخر بخشا ہے۔ اپنے فرض کی انجام دہی میں اعلیٰ قربانی دینے والے شہداء کو سلام۔ایس ایس بی کا قیام 1963 میں عمل میں آیا تھا اور یہ ’خدمت، حفاظت، بھائی چارہ‘ کے اصولوں کے ساتھ ملک کی خدمت میں مصروف ہے۔ یہ بنیادی طور پر ہند-نیپال اور ہند-بھوٹان کی سرحدوں کی حفاظت، اسمگلنگ روکنے اور ملک کی داخلی سلامتی و آفات کے انتظام میں اہم رول ادا کرتی ہے۔
