نائب میئر شان ہند کےدفتر میں ٹیپو کی تصویرپرشیوسینا اور بی جےپی کا اعتراض
ممبئی، 15 فروری:۔ (ایجنسی)مالیگاؤں میں سنیچر کو جہاں نائب میئرکےدفتر میں ٹیپو سلطان شہید کی تصویر نئے تنازع کا سبب بنی وہیں شہر میں ٹیپو کی یاد میں تعمیرکئے گئےٹاورکی خستہ حالی کا بھی معاملہ سامنے آیا ہے۔ نائب میئر شان ہندنے اپنے دفتر میں ٹیپو کی تصویرکی مخالفت کرنے والوں پر تنقید کی ہے اور مہاراشٹر حکومت کے گزٹ کا حوالہ دیتے ہوئےکہا کہ اس میں ان کی جینتی منانے کا ذکر بھی ہے۔ حضرت سلطان ابو الفتح فتح علی ابن حیدر علی عرف ٹیپو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مالیگاؤں کے مشاورت چوک پر ٹیپو سلطان ٹاور شہری بلدیہ نے تعمیر کیا تھا۔ اس کی تزئین و تجدید کاری کا کام کئی برسوں سے بند پڑا ہوا ہے۔ یہ یادگار سرکاری قطعہ اراضی پر سرکاری خرچ سے بنائی گئی ہے۔ اس کے نام پر میونسپل کارپوریشن اور مہاراشٹر گورنمنٹ سے کتنی مرتبہ اخراجات مع سُود نکالے گئے؟اس سوال کا ہنوز جواب نہیں مل سکا ہے۔ گزشتہ 31 جنوری جمعہ کی سہ پہرایک نیا سیاسی تنازع اُس وقت کھڑا ہوا جب شہری بلدیہ کی نائب میئر شانِ ہند کے دفتر میں سلطان ٹیپو شہید کی تصویر آویزاں ہوئی۔ شان نے میڈیا کو بتایا کہ اُن کے دفتر کیلئے ٹیپو کی تصویر والی فریم چند کارپوریٹروں نے بطورِ تحفہ پیش کی ہے۔ اس بات کے ساتھ انہوں نے تاریخی حوالوں سے ٹیپو کی خدمات بیان کی۔ یہ بھی کہا کہ بامبے ہائی کورٹ میں مہاراشٹر حکومت نے ٹیپو جینتی کی مناسبت سے دائر کردہ افیڈیویٹ میں یہ تسلیم کیا ہےکہ ٹیپو نے تحریک آزادی میں اپنی جان قربان کی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر مخالفت کرنے والے کس بنیاد پر مخالفت کررہے ہیں؟
