پٹنہ، 17 مئی (یو این آئی) بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے آج جی پی او کے نزدیک نو تعمیر شدہ کثیر المنزلہ پارکنگ عمارت اور پٹنہ جنکشن تک زیر زمین راستے کا افتتاح کیا۔اس کے ساتھ ہی ہفتہ کو یہاں نو تعمیر شدہ کثیر المنزلہ پارکنگ عمارت سے بسوں اور مسافر گاڑیوں کے آپریشن کا افتتاح کرنے اور زیر زمین پیدل چلنے والے نئے راستے کا معائنہ کرنے کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر کمار نے کہا کہ اس کے افتتاح کے بعد پٹنہ جنکشن اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں بھیڑ بھاڑ میں کمی آئے گی اور پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام مضبوط ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جی پی او گولمبر کے قریب ملٹی لیول ہب کو پٹنہ جنکشن سے جوڑنے کے لیے زیر زمین پیدل گزرنے کا راستہ بنایا گیا ہے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس پروجیکٹ کا بنیادی مقصد پٹنہ جنکشن ریلوے اسٹیشن کے علاقے میں ٹریفک نظام کو ترقی دینا ہے۔ اس زیر زمین پیدل چلنے والے راستے اور کثیر المنزلہ پارکنگ عمارت کے افتتاح سے پیدل چلنے والوں کو پٹنہ جنکشن تک آنے جانے میں کافی سہولت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ماضی میں کئی بار اس منصوبے کے تعمیراتی کام کا معائنہ کیا تھا اور اس دوران تعمیراتی کام کو جلد اور بہتر اور منظم طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت دی تھی۔قابل ذکر ہے کہ پٹنہ جنکشن کے قریب شہری ترقی اور ہاؤسنگ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے 84.83 کروڑ روپے کی لاگت سے زیر زمین راستہ بنایا گیا ہے۔ یہ پٹنہ جنکشن کے قریب سے شروع ہوتا ہے اور جی پی او گولمبر تک جاتا ہے، جس کی لمبائی 440 میٹر ہے۔ اس پروجیکٹ میں جی پی او گولمبر کے قریب 66.81 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک کثیر المنزلہ پارکنگ عمارت تعمیر کی گئی ہے جہاں بسوں، آٹوز، ٹیکسیوں اور نجی گاڑیوں کے لیے پارکنگ کی سہولت موجود ہے۔
