نوی ممبئی، 25 دسمبر (یو این آئی) نوی ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ (این ایم آئی اے) میں جمعرات کو تجارتی پروازوں کا آغاز ہوا، جس کے ساتھ ممبئی خطے کی ہوابازی میں نئی تاریخ رقم ہوگئی۔ پہلی پرواز 6 ای 460 بنگلورو سے صبح 7:31 پر پہنچی جب کہ کیو پی 1831 دہلی سے 7:40 بجے اتری۔ دونوں پروازوں کو واٹر سالیوٹ سے خوش آمدید کہا گیا اور مسافروں کو کرسمس کے موقع پر تحائف دئیے گئے۔یہ ایئرپورٹ اڈانی گروپ نےتعمیر کیا ہے، جس کا افتتاح وزیراعظم نریندر مودی نے 8 اکتوبر کو کیا تھا۔ ابتدا میں ائیرپورٹ 08:00 تا 20:00 بجے کام کرے گا اور روزانہ 24 پروازوں کی روانگی طے ہے۔ پہلے دن 32 فلائٹ آپریشن ہوئے جن میں 17 روانگیاں اور 15 آمد شامل تھیں۔ انڈگو، ایئر انڈیا ایکسپریس، اکاسا ایئر اور اسٹار ایئر نے نو شہروں کیلئے پروازیں چلائیں۔
انڈیگو نے احمدآباد، بنگلورو، کوچین، دہلی، حیدرآباد، لکھنؤ، منگلورو اور ناگپور کیلئے کنکشن دیا جبکہ 6 ہفتہ وار فلائٹ گووا کیلئے رہیں۔ 26 دسمبر سے جےپور، 29 دسمبر سے چنئی و کوئمبٹور اور 30 دسمبر سے بڑودہ کیلئے نئی سروس شروع ہوگی۔ انڈیگو کے عالمی سیلز سربراہ ونَے ملہوترا نے کہا کہ اس سے نئے گیٹ وے کی آمد کے ساتھ سفر بہتر ہوگا۔ اکاسا ایئر کے آغاز پر ونے دوبے اور اڈانی ایئرپورٹس کے ارون بنسل نے شمع روشن کی۔انتظامیہ کے مطابق فروری 2026 سے 24 گھنٹے آپریشن مرحلہ وار جاری ہوں گے۔
