حیدرآباد، 12 اپریل:۔ (ایجنسی) قومی ایوارڈ یافتہ افسانوی گلوکارہ وانی جئے رام چل بسیں۔ سرکردہ گلوکارہ کی موت چینائی کے ننگم باکم میں واقع ان کے مکان میں ہوگئی۔ وہ 78 برس کی تھیں۔ وانی نے ہندی فلم گڈی کے گیت ”بول رے پاپی ہرا“ کے ساتھ گلوکاری کا آغاز کیا۔ حال ہی میں گلوکارہ نے پیشہ ور گلوکارہ کے طور پر 50 سال کے سفر کا جشن منایا۔ تقریباً پانچ دہوں پر مشتمل شاندار اور کامیاب کیرئیر کے دوران انہوں نے بیشتر ہندوستانی زبانوں بشمول تمل، کنڑ، ہندی، تلگو، ملیالم، مرٹھی، اڑیہ، گجراتی، ہریانوی، آسامی، ٹلو اور بنگالی میں تقریباً دس ہزار گیتوں کی ریکارڈنگ کروائی۔ اپنی منفرد آواز اور ہمہ گیر صلاحیت کے باعث وہ موسیقی کی دنیا میں ایک نمایاں مقام رکھتی تھیں اور انہیں ملک و بیرون ملک بے حد مقبولیت حاصل تھی۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے ان کی ملازمہ نے کہا کہ آج صبح بزرگ گلوکارہ نے دروازہ کی گھنٹی پر کوئی ردِعمل ظاہر نہیں کیا، جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔ پولیس کے مطابق گر پڑنے کے باعث ان کے چہرے اور گردن پر نشانات آ گئے تھے اور دواخانہ منتقلی کے دوران ان کا انتقال ہوگیا۔ ان کی موت سے موسیقی کی دنیا میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑ گئی ہے اور مختلف حلقوں کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے جاریہ سال ان کے لئے پدمابھوشن ایوارڈ کا اعلان کیا تھا۔ وانی کی پیدائش 1945ء میں ہوئی تھی۔
