نئی دہلی، 10 اپریل (یو این آئی)وزیراعظم نریندر مودی نے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو راجیہ سبھا کے رکن کی حیثیت سے حلف لینے پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔مسٹر مودی نے جمعہ کو کہا کہ مسٹر کمار ملک کے تجربہ کار ترین رہنماؤں میں سے ایک ہیں، جن کی گڈ گورننس (اچھی حکمرانی) کے تئیں وابستگی اور بہار کی ترقی میں ان کا انمٹ تعاون سب کے علم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار کو پارلیمنٹ میں واپس دیکھنا بہت خوش آئند ہوگا اور ایک تجربہ کار قانون ساز و سابق مرکزی وزیر کی حیثیت سے ان کا وسیع تجربہ ایوان کے وقار میں بے پناہ اضافہ کرے گا۔وزیراعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا “نتیش کمار جی ملک کے سب سے تجربہ کار لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ گڈ گورننس کے حوالے سے ان کے عزم کو ہر طرف سراہا گیا ہے۔ انہوں نے بہار کی ترقی میں انمٹ خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں ایک بار پھر پارلیمنٹ میں دیکھنا بہت خوش کن ہوگا۔ رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر کے طور پر بھی انہوں نے کئی سالوں تک خدمات انجام دی ہیں۔ مجھے پورا یقین ہے کہ ان کے طویل سیاسی تجربے سے پارلیمنٹ کے وقار میں مزید اضافہ ہوگا۔ راجیہ سبھا کے رکن کے طور پر حلف اٹھانے پر انہیں دلی مبارکباد اور مستقبل کے دورِ کار کے لیے ڈھیروں نیک خواہشات۔”قابلِ ذکر ہے کہ راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے آج مسٹر کمار کو ایوان کی رکنیت کا حلف دلایا۔
