جھارکھنڈ کے پانچوں ڈویژنوں میں اقلیتی برادری سے کم از کم چھ ضلع صدر مقرر کرنے کا مطالبہ کیا
جدید بھارت نیوز سروس
دہلی؍رانچی، 14؍ستمبر: جھارکھنڈ پردیش کانگریس کمیٹی اقلیتی ڈپارٹمنٹ کے صدر منظور انصاری نے دہلی کے دفتر میں جھارکھنڈ کے انچارج کے راجو سے ملاقات کی اور کہا کہ تنظیم سازی مہم کے تحت ریاست جھارکھنڈ میں آپ کی قیادت میں ضلع صدر کا انتخاب کیا جا رہا ہے۔ اس انتخابی عمل میں، مجھے ضلع سرا ئے کیلا کا PCC سپروائزر مقرر کیا گیاتھا،جس کی رپورٹ میں پہلے ہی دفتر میں جمع کرا چکا ہوں۔ میں آپ سے عاجزانہ درخواست کرتا ہوں کہ جھارکھنڈ کے پانچوں ڈویژنوں میں اقلیتی برادری سے کم از کم چھ ضلع صدر مقرر کریں۔کیونکہ اب تک جھارکھنڈ کی اقلیتیں مسلسل نظر انداز ہوتی رہی ہیں۔ انصاری نے کہا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس پارٹی نے اقلیتی برادری کے ایک بھی امیدوار کو ٹکٹ نہیں دیا تھا۔اور اس کے بعد اسمبلی انتخابات میں صرف دو موجودہ ایم ایل اے کو ٹکٹ دیا گیا۔ جس کی وجہ سے اقلیتی برادری میں شدید ناراضگی پائی جاتی ہے۔ اگر مستقبل میں یہ صورتحال جاری رہی تو اقلیتی طبقہ دوسری جماعتوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو جائے گا۔ اس کو روکنا بہت ضروری ہے۔ انصاری نے کے راجو جی سے کہاکہ اگر جھارکھنڈ میں کانگریس پارٹی کو مضبوط کرنا ہے تو ضروری ہے کہ جھارکھنڈ کے پانچوں ڈویژنوں میں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے ضلعی صدور کا تقرر کیا جائے۔ سائوتھ ڈویژن سے 1، شمالی ڈویژن سے 2،سنتھال پرگنہ ڈویژن سے1، کولہان ڈویژن سے 1،پلاموں ڈویژن سے 1،اگر ایسا کیا گیا تو یقیناً کانگریس پارٹی جھارکھنڈ میں مضبوط ہوگی اور آنے والے انتخابات میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھرے گی۔
