پٹنہ /نئی دہلی، یکم جون (یواین آئی) مہیلا کانگریس نے اتوار کو بہار کے مظفر پور میں ایک نابالغ کی عصمت دری کے گھناؤنے واقعہ میں پولیس اور ڈاکٹروں کے رویے کو انتہائی شرمناک اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک متاثرہ کو انصاف نہیں مل جاتا کانگریس کا احتجاج جاری رہے گا۔خواتین کانگریس کی صدر الکا لامبا نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ یہ سب سے وحشیانہ جرم ہے۔ اس میں پولیس اور ڈاکٹروں کا رویہ انتہائی شرمناک اور افسوسناک ہے۔ پولیس نے اس واقعہ کے حوالے سے ابتدائی رپورٹ درج نہیں کی اور ڈاکٹروں نے متاثرہ بچے کا علاج کرنے سے انکار کردیا جو کہ انتہائی غیر انسانی فعل ہے۔ محترمہ لامبا نے کہاکہ "بہار کے مظفر پور میں ایک نابالغ لڑکی کے ساتھ وحشیانہ سلوک کیا گیا، اس واقعے میں جب لڑکی کو تشویشناک حالت میں پٹنہ میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا تو اسے بروقت علاج نہیں ملا، نابالغ بچی بغیر علاج کے ایمبولینس میں گھنٹوں تک درد سے تڑپتی رہی، دردناک خبر یہ ہے کہ معصوم بچی اب اس دنیا میں نہیں رہی، اس واقعہ نے بہار کے صحت کے نظام کو بے نقاب کردیا ہے۔ ہم ویزراعلی نتیش کمار سے فوری طور پر ریاست کے وزیر صحت کا استعفیٰ لینے کا مطالبہ کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اس وقت تک یہ جنگ لڑتی رہے گی جب تک لڑکی اور اس کے خاندان کو اس معاملے میں انصاف نہیں مل جاتا۔
