کانگریس ارکان کا پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں احتجاج
نئی دہلی، 13 فروری لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی اور پارٹی کے کئی دیگر ارکان پارلیمنٹ نے جمعرات کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے میں ماہی گیروں اور قبائلیوں کے مسائل کو لے کر احتجاج کیا۔اپوزیشن لیڈر کے ساتھ کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا اور دیگر ارکان نے پارلیمنٹ کی کارروائی شروع ہونے سے قبل پارلیمنٹ ہاؤس کے احاطے کے اندر احتجاج میں حصہ لیا۔مسٹر گاندھی نے یو ڈی ایف ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ کیرالہ کی ساحلی اور جنگلاتی سرحدی برادریوں کے تحفظ کے لیے احتجاج کی قیادت کی۔ اپوزیشن کے ہنگامے کی وجہ سے لوک سبھا کی کارروائی جمعرات کو دوپہر 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔جیسے ہی ایوان کا اجلاس شروع ہوا، لوک سبھا اسپیکر اوم برلا نے وقفہ سوالات شروع کیا لیکن کانگریس سمیت اپوزیشن ارکان نے نعرے بازی شروع کردی۔ مسٹر برلا نے احتجاج کرنے والے ارکان سے ایوان کا اجلاس چلنے دینے کی درخواست کی اور کہا کہ آپ منصوبہ بند طریقے سے تعطل پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ اچھی روایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ سوالات کے دوران اہم امور کو اٹھانے کی اجازت نہیں دینا چاہتے۔ آپ اس پر بحث نہیں کرنا چاہتے۔ اسپیکر نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ کے وقار اور روایت کو برقرار رکھیں۔اسپیکر کی درخواست پر بھی ہنگامہ نہ رکا تو ایوان کی کارروائی 2 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔
