نئی دہلی، 5 اپریل (یو این آئی) کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور سابق صدر راہل گاندھی نے سابق نائب وزیر اعظم بابو جگ جیون رام کو ان کے 118 ویں یوم پیدائش پر ان کی سمادھی سمتا استھل پر جاکر خراج عقیدت پیش کیا۔مسٹر کھڑگے اور مسٹر گاندھی نے سمتا استھل پر جگ جیون رام کی سمادھی پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ اس دوران وہاں جگ جیون رام کی بیٹی اور لوک سبھا کی سابق اسپیکر میرا کمار سمیت کئی دیگر اہم رہنما موجود تھے۔ اس دوران وہاں سرو دھرم سبھا کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں مختلف طبقوں کے لوگوں نے شرکت کی۔مسٹر کھڑگے نے کہا، “سمتا دیوس ، میں عظیم آزادی پسند، سماجی انصاف کے علمبردار اور سابق نائب وزیر اعظم بابو جگ جیون رام جی کو ان کے یوم پیدائش پر دلی خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ مساوات کے عظیم ہیرو بابو جی نے معاشرے کے کمزور، استحصال زدہ اور پسماندہ طبقوں کی بہتری اور انصاف کے لیے بے لوث جدوجہد کی اور پارلیمانی جمہوریت کومضبوط بنانے کے لیے نا قابل فراموش تعاون دیا۔”مسٹر گاندھی نے کہا، “میں بابو جگ جیون رام کو ان کی یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتا ہوں۔ بابو جی نے اپنی پوری زندگی محروموں، استحصال زدہ اور دلتوں کے حقوق کے لیے وقف کر دی۔ انہوں نے ان کے حقوق اور شراکت داری کو مضبوط کر کے ملک کی جمہوری اور آئینی اقدار کو مضبوط کیا۔ ان کے خیالات اور جدوجہد ہمیشہ ہمیں متاثر کرتی رہے گی۔
