نئی دہلی، 20 ستمبر (یواین آئی) صدر دروپدی مرمو نے پٹنہ ہائی کورٹ کے جج جسٹس پون کمار بھیمپا بجنتھری کو اس کا چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔مرکزی وزارت قانون و انصاف نے ہفتہ کو ان کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ “صدر، آئین ہند کے آرٹیکل 217 کی شق (1) کے ذریعے عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے پٹنہ ہائی کورٹ کے جج جسٹس پون کمار بھیمپا بجنتھری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کی تاریخ سے پٹنہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے پر خوشی کا اظہار کرتا ہے ۔”مرکزی وزیر قانون و انصاف ارجن رام میگھوال نے جسٹس بجنتھری کی بطور چیف جسٹس تقرری کے بارے میں اطلاع اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر شیئر کیں۔ انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھاکہ “صدر جمہوریہ، آئین ہند کی طرف سے عطا کردہ اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے اور چیف جسٹس آف انڈیا کی مشاورت سے، پٹنہ ہائی کورٹ کے جج جسٹس پون کمار بھیمپا بجنتھری کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کی تاریخ سے پٹنہ ہائی کورٹ کا چیف جسٹس مقرر کرنے پر خوشی کا اظہار کرتا ہیں۔”سپریم کورٹ کالجیم نے 11 ستمبر کو جسٹس بجنتھری کو پٹنہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر ترقی دینے کی سفارش کی تھی۔جسٹس بجنتھری نے 1990 میں ایک وکیل کے طور پر داخلہ لیا تھا۔ اس کے بعد انہوں نے کرناٹک ہائی کورٹ اور مختلف ٹریبونل کے سامنے پریکٹس کی۔ وہ 1993 اور 1994 کے دوران کرناٹک پبلک سروس کمیشن کے اسٹینڈنگ کونسل کے طور پر بھی پیش ہوئے۔جسٹس بجنتھری کو یکم جنوری 2015 کو کرناٹک ہائی کورٹ کے ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات کیا گیا تھا۔ بعد میں ان کا تبادلہ پنجاب اور ہریانہ ہائی کورٹ میں کر دیا گیا، جہاں انہوں نے 16 مارچ 2015 کو جج کے طور پر حلف لیا۔
