ہومNationalخالد اور امام کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد جے این یو...

خالد اور امام کی ضمانت مسترد ہونے کے بعد جے این یو کے طلباء نے مودی اور شاہ کے خلاف نعرے لگائے

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نئی دہلی، 6 جنوری (یو این آئی) جواہر لال نہرو یونیورسٹی (جے این یو) کے طلبہ لیڈرز عمر خالد اور شرجیل امام کی سپریم کورٹ میں ضمانت مسترد ہونے کے ایک دن بعد، طلباء کے ایک گروپ نے یونیورسٹی کیمپس کے اندر احتجاج کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ کے خلاف نعرے لگائے۔سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو جاری کیا گیا ہے جس میں جے این یو کیمپس کے اندر امام اور خالد کی ضمانت مسترد ہونے کے خلاف احتجاج دکھایا گیا ہے۔ اس میں طلبہ پیر اور منگل کی درمیانی شب وزیر اعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف نعرے لگاتے نظر آ رہے ہیں۔بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ترجمان شہزاد پونا والا نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ یہ متنازع نعرے جے این یو میں ‘ٹکڑے-ٹکڑے، گینگ کے ذریعہ لگائے گئے تھے۔انہوں نے کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے کچھ لیڈروں پر خالد اور امام کی حمایت میں بیانات دے کر تمام حدیں پار کرنے کا الزام لگایا۔ انہوں نے یہ بھی الزام لگایا کہ ان کے نظریات سے جڑے طلبہ اب مسٹر مودی اور مسٹر شاہ کے خلاف نعرے لگا رہے ہیں۔ مسٹر پونا والا نے دعویٰ کیا کہ عدالت کے فیصلے کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ادت راج، برندا کرات، حسین دلوائی اور پرتھوی راج چوان جیسے کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں کے کچھ لیڈروں نے ملزمین کو “بے قصور” قرار دیا ہے۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ ویڈیوز سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ احتجاج کے دوران لگائے گئے نعرے تمام حدیں پار کر چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ’’یہ وہی لوگ ہیں جو نکسلیوں کو شہید کہتے ہیں‘‘۔قابل ذکر ہے کہ پیر کو سپریم کورٹ نے دہلی فسادات کیس میں سماجی و سیاسی کارکنوں عمر خالد اور شرجیل امام کو یہ کہتے ہوئے ضمانت دینے سے انکار کر دیا تھا کہ ان کے خلاف غیر قانونی سرگرمیاں (روک تھام) ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت پہلی نظر میں معاملہ بنتا ہے۔جسٹس اروند کمار اور این وی انجاریا کی بنچ نے کہا کہ یواے پی اے کی دفعہ 43 ڈی (5) کے تحت ضمانت پر قانونی پابندی لاگو ہوتی ہے، اس لیے اس مرحلے میں ان کی مسلسل حراست ختم نہیں کی جا سکتی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version