ہومNationalجے ایم ایم اور آر ایل جے پی مہاگٹھ بندھن کے ساتھ...

جے ایم ایم اور آر ایل جے پی مہاگٹھ بندھن کے ساتھ بہار الیکشن لڑیں گی

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

تیجسوی یادو کی قیادت میں ہوئی انڈیا اتحاد کی میٹنگ، سیٹوں کی تقسیم پر بھی مشاورت

جدید بھارت نیوز سروس
پٹنہ، 6 ستمبر:۔ بہار میں ’ووٹرادھیکار یاترا‘ کے بعد مہاگٹھ بندھن (گرینڈ الائنس) کی پہلی اہم میٹنگ میں بڑا سیاسی فیصلہ سامنے آیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پشوپتی پارس کی راشٹریہ لوک جن شکتی پارٹی (RLJP) اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (JMM) اب مہاگٹھ بندھن (انڈیا اتحاد) کے ساتھ مل کر آئندہ بہار اسمبلی انتخابات لڑیں گے۔
یہ فیصلہ ہفتے کے روز پٹنہ میں اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو کی سرکاری رہائش گاہ ایک پولو روڈ پر منعقدہ ایک اہم میٹنگ میں لیا گیا، جس میں بہار کانگریس کے صدر راجیش رام، بہار کے انچارج کرشنا الاوارو، وی آئی پی پارٹی کے سربراہ مکیش سہنی اور دیگر اہم رہنماؤں نے شرکت کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چند دن قبل تیجسوی یادو نے پشوپتی پارس سے ملاقات کی تھی اور عندیہ دیا تھا کہ جلد ہی RLJP اور جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) کو مہاگٹھ بندھن میں شامل کرنے پر اتحادی جماعتوں سے بات چیت کی جائے گی۔ اب اس ملاقات کے کچھ ہی دن بعد، یہ باضابطہ فیصلہ سامنے آیا ہے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پٹنہ میں منعقدہ ’ووٹرادھیکار یاترا‘ کے اختتامی جلسے میں جھارکھنڈ کے وزیراعلیٰ اور JMM کے صدر ہیمنت سورین نے شرکت کی تھی، جہاں انہوں نے مرکز کی مودی حکومت اور بہار کی نتیش حکومت پر شدید تنقید کی تھی۔
نشستوں کی تقسیم چیلنج بن گئی
آج کی میٹنگ میں نشستوں کی تقسیم پر بھی تفصیلی مشاورت ہوئی۔ اب جب کہ RLJP اور JMM مہاگٹھ بندھن کا حصہ بن چکے ہیں، تو یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ انہیں کتنی سیٹیں دی جاتی ہیں۔
کیونکہ اس سے پہلے بھی مہاگٹھ بندھن میں شامل جماعتوں کے درمیان سیٹوں کو لے کر کشمکش جاری رہی ہے۔ وی آئی پی کے مکیش سہنی 60 سیٹوں کا مطالبہ کر چکے ہیں، جبکہ بائیں بازو کی جماعتیں (Left Parties) 2020 کے اسمبلی انتخابات میں حاصل کردہ 29 نشستوں سے زیادہ سیٹیں مانگ رہی ہیں۔
ایسے میں نئے اتحادیوں کی شمولیت کے بعد، مہاگٹھ بندھن کے لیے سیٹوں کی تقسیم ایک نیا چیلنج بن کر سامنے آیا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version