ٹیکنالوجی اور اختراع میں تعاون بڑھانے پر تبادلۂ خیال
نئی دہلی، 6 جنوری ( یو این آئی ) لکسمبرگ کے سرکاری دورے پر موجود وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے منگل کے روز لکسمبرگ کے وزیر اعظم لیوک فریڈن سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور اختراع (Innovation) کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر جے شنکر نے وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے لکسمبرگ کے وزیر اعظم کو نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔ گفتگو کے دوران خاص طور پر مالیاتی خدمات ، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور انوویشن کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔ وزیر خارجہ نے ہندوستان اور یورپی یونین کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے لکسمبرگ کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔قابل ذکر ہے کہ ڈاکٹر ایس جے شنکر اتوار کو فرانس اور لکسمبرگ کے سرکاری دورے پر روانہ ہوئے تھے۔ ان کا یہ دورہ یورپ کے ساتھ ہندوستان کے اسٹریٹجک اور اقتصادی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی کڑی ہے۔
