نئی دہلی، 3 مئی (یو این آئی) :کانگریس نے کہا ہے کہ دنیا کے 180 ممالک میں کرائے گئے سروے میں پریس فریڈم انڈیکس میں ہندوستان 161 ویں نمبر پر ہے، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دور حکومت میں پریس کی آزادی پر مسلسل حملے ہو رہے ہیں۔ کانگریس نے ہفتہ کو صحافت کی آزادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایکس پیج پر ایک پوسٹ میں کہا ’’صحافت کی آزادی کے عالمی دن پر، کانگریس ہر اس نڈر صحافی کے ساتھ کھڑی ہے جو ڈرانے دھمکانے اور سچائی کو دبانے کے خلاف لڑرہا ہے۔ پچھلے کچھ برسوں میں پریس فریڈم انڈیکس میں ہندوستان کی گرتی ہوئی درجہ بندی بی جے پی کے دور میں اظہار کی آزادی کے خطرات کی عکاسی کرتی ہے۔‘‘ اس کے ساتھ ہی پارٹی نے ایک اخبار میں شائع ہوئے سروے کی ایک فہرست بھی پوسٹ کی، جس میں کہا گیا کہ 180 ممالک میں کیے گئے سروے میں ہندوستان کا گزشتہ برس 161 واں نمبررہا ہے۔ پارٹی نے جنوبی ایشیائی ممالک میں صحافت کی آزادی کے اعداد و شمار بھی فراہم کیے ہیں، جس میں کہا گیا ہے کہ دنیا میں پریس کی آزادی میں نیپال 92 ویں، پاکستان 150 اور سری لنکا 135 ویں نمبر پر ہے، جب کہ ہندوستان 161 ویں مقام پر ہے۔ کانگریس نے کہا ہے کہ ہندوستان میں 10 ہزار سے زیادہ اخبارات اور 36 ہزار سے زیادہ ہفتہ وار اخبارات شائع ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ 380 نیوز چینلز ہیں۔ صنعتکار اڈانی سے وابستہ 70 نیوز آؤٹ لیٹس ہیں جن کے 8 کروڑ سے زیادہ فالوورز ہیں۔
