ہومNationalپاکستانی ڈرونز کی بڑھتی سرگرمیوں کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں ہائی...

پاکستانی ڈرونز کی بڑھتی سرگرمیوں کے پیش نظر سرحدی علاقوں میں ہائی الرٹ جاری

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

جموں،16جنوری(یو این آئی) جموں میں لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد پر گزشتہ چند روز کے دوران پاکستانی ڈرونز کی مسلسل پروازوں نے سکیورٹی اداروں کو سخت چوکسی اختیار کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ پونچھ، سانبہ اور کٹھوعہ کے حساس علاقوں میں خاص طور پر رات کے وقت ڈرون حرکتیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق یہ ڈرونز یا تو نگرانی کے مقصد سے بھیجے جا رہے ہیں یا پھر سرحد کے اس پار سے اسلحہ، منشیات یا دیگر ممنوعہ سامان گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ان واقعات کے بعد نہ صرف سرحدی گشت میں اضافہ کیا ہے بلکہ اہم پوسٹوں، چیک پوائنٹس اور دیہاتی بستیوں کے اردگرد بھی نگرانی کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ رواں ماہ اب تک ڈرون سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بی ایس ایف کے مطابق تازہ ترین اطلاعات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ پاکستان کی جانب سے ڈرونز کے ذریعے دراندازی یا سپلائی چین کو فعال بنانے کی کوششیں تیز ہو سکتی ہیں، اس لیے تمام یونٹس کو الرٹ رکھا گیا ہے اور جدید اینٹی ڈرون آلات کا استعمال بھی بڑھا دیا گیا ہے۔اس دوران متعدد دیہات میں تلاشی آپریشنز بھی جاری ہیں۔ حکام نے بتایا کہ پونچھ اور سانبہ کے کئی سرحدی گاؤں میں مشترکہ کارروائیاں کی گئی ہیں جن میں فوج، بی ایس ایف اور مقامی پولیس شامل ہے۔ ان آپریشنوں کے دوران مشکوک ٹھکانوں، کھیتوں، نالوں اور جنگلاتی علاقوں کی باریک بینی سے تلاشی لی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ اسلحہ ڈراپ یا دراندازی کے نشان کو بروقت پکڑا جا سکے۔حکام نے واضح کیا ہے کہ ڈرونز کی سرگرمیوں سے نمٹنے کے لیے مربوط حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں اینٹی ڈرون گرڈ کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایسے ہتھکنڈے خطے میں امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش ہیں، تاہم سیکیورٹی فورسز مکمل طور پر چوکس ہیں اور کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version