ہومNationalبہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میںنائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، وجے...

بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میںنائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری، وجے سنہا سمیت 17 وزرا ءکی ساکھ داؤ پر

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

پٹنہ، 26 اکتوبر (یو این آئی) بہار اسمبلی انتخابات کے پہلے مرحلے میں 6 نومبر کو 18 اضلاع کی 121 نشستوں پر ہونے والے ووٹنگ میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی حکومت کے نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے کمار سنہا سمیت 17 وزراءکی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی ہے۔بہار اسمبلی انتخابات میں نتیش کمار حکومت کے 17 وزیر پہلے مرحلے میں انتخابی میدان میں ہیں۔ ان میں سے 11 بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) سے اور 6 جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) کوٹے سے ہیں۔بی جے پی کوٹے سے بہار کے نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری مونگیر ضلع کی تارا پور اسمبلی حلقہ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہیں دوسرے نائب وزیر اعلیٰ وجے کمار سنہا لکھی سرائے سے امیدوار ہیں۔ مسٹر سنہا اس سیٹ پر فروری 2005، 2010، 2015 اور 2020 میں کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔ صحت کے وزیر منگل پانڈے پہلی بار سیوان سے انتخاب لڑ رہے ہیں، جبکہ سڑک تعمیرات کے وزیر نتن نوین پٹنہ ضلع کے بانکی پور سیٹ سے امیدوار ہیں۔ مسٹر نوین اس سیٹ پر لگاتار تین بار 2010، 2015 اور 2020 میں کامیاب ہو چکے ہیں۔محکمہ محصولات واصلاحات اراضی کے وزیر سنجے سراؤگی دربھنگہ سے میدان میں ہیں اور لگاتار پانچ بار یہاں سے کامیابی حاصل کر چکے ہیں۔پنچایتی راج کے وزیر کیدار پرساد گپتا مظفرپور ضلع کے کڑھنی سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ سیاحت کے وزیر راجو کمار سنگھ مظفرپور ضلع کے صاحب گنج سے میدان میں ہیں، وہ اس سیٹ پر چار بار جیت چکے ہیں۔ کھیل کے وزیر سریندر مہتا بیگوسرائے ضلع کے بچھواڑا سے اور شہری ترقیات و ہاوسنگ کے وزیر دربھنگہ ضلع کی جالے اسمبلی سیٹ سے اپنی قسمت آزما رہے ہیں۔ وہ دو بار لگاتار یہاں جیت درج کر چکے ہیں اور اس بار انتخابی ہیٹ ٹرک لگانے کی کوشش میں ہیں۔ ماحولیات، جنگلات اور ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر سنیل کمار نالندہ ضلع کے بہار شریف سے امیدوار ہیں۔
ڈاکٹر سنیل کمار یہاں پانچ بار جیت چکے ہیں اور اس بار انتخابی میدان میں ‘سکسر، لگانے کے لیے بے تاب ہیں۔ جبکہ اطلاعات و ٹیکنالوجی کے وزیر کرشن کمار منٹو سارن ضلع کے امنور سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔جنتا دل یونائیٹڈ(جے ڈی یو) کوٹے سے دیہی ترقی کے وزیر شرون کمار نالندہ ضلع کی نالندہ اسمبلی سیٹ سے انتخابی میدان میں ہیں۔ وہ لگاتار سات بار یہاں سے جیت چکے ہیں اور آٹھویں بار کامیابی کی تلاش میں ہیں۔ پارٹی کے سینئر لیڈر اور آبی وسائل و پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری سمستی پور ضلع کے سرائے رنجن سے لگاتار تین بار جیت درج کر چکے ہیں اور اس بار انتخابی ‘چوکا،لگانے کے خواہش مند ہیں۔اطلاعات و عوامی رابطہ کے وزیر مہیشور ہزاری کلیان پور محفوظ سیٹ سے انتخاب لڑ رہے ہیں۔ وہیں تعلیم کے وزیر سنیل کمار گوپال گنج ضلع کے بھورے (محفوظ) سے اور شراب بندی، مصنوعات و رجسٹریشن کے وزیر رتنیش سدا سہرسہ ضلع کے سونبرساسے انتخابی میدان میں ہیں۔ وہ اس سیٹ پر لگاتار تین بار جیت درج کر چکے ہیں اور اس بار کامیابی کا ‘چوکا، لگانے کی پوری کوشش کریں گے۔وہیں سماجی بہبود کے وزیر مدن سہنی دربھنگہ ضلع کے بہادرپور سے قسمت آزما رہے ہیں۔ مسٹر سہنی نے یہاں 2010 اور 2020 میں کامیابی حاصل کی تھی، جبکہ 2015 میں وہ گورا باو رام سے منتخب ہوئے تھے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version