ممبئی ،28،مارچ(یواین آئی)ممبئی میں بھی وقف ترمیمی بل کے خلاف بطور احتجاج سیاہ پٹیاں باندھ کر الوداع جمعہ کی نماز ادا کی گئی۔اس موقع پر سخت پولیس بندوبست رہا،خصوصی طورپر مساجد کے نزدیک پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔واضح رہے کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ (اے آئی ایم پی ایل بی) نے ملک بھر کے مسلمانوں سے وقف ترمیمی بل 2024 کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے رمضان کے آخری جمعہ جسے الوداع جمعہ بھی کہا جاتا ہے، کو کالی پٹیاں باندھنے کی اپیل کی تھی۔بورڈ نے ایکس پر ایک اپیل شیئر کی ، جس میں کہا گیاتھاکہ دہلی کے جنتر منتر اور پٹنہ میں دھرنا سائٹ پر مسلمانوں کے زبردست احتجاج نے کم از کم بی جے پی کے اتحادیوں میں ہلچل پیدا کردی ہے۔ اب 29 مارچ 2025 کو وجئے واڑہ میں بھی ایک بڑا احتجاج ہونے جا رہا ہے۔”وقف ترمیمی بل کی مخالفت میں الوداع جمعہ پر سیاہ پٹیاں باندھیں،بورڈ نے اس بل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک “سازش” قرار دیا ہے،جس کا مقصد مسلمانوں کو ان کے مذہبی اور خیراتی اداروں سے محروم کرنا ہے۔ “یہ ملک کے ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بل کی سختی سے مخالفت کرے۔ آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ تمام مسلمانوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ جمعہ الوداع کے دن مسجد میں آتے ہوئے سیاہ پٹی باندھ کر غم اور احتجاج کا خاموش اور پرامن اظہار کریں۔”جنوبی ممبئی کے مسلم اکثریتی علاقوں کی مساجد اور چوراہوں پر پولیس کا بھاری بندوبست نظرآیا۔کرافورڈ مارکیٹ پر جامع مسجد، مینارہ مسجد، زکریا مسجد،مدنپورہ بڑی مسجد، چونابھٹی کی مسجد کے ساتھ ساتھ بھنڈی بازار،نل بازار،ڈونگری چارنل،مدنپورہ، ممبئی سینٹرل ،اگری پاڑہ ،مضافاتی علاقوں میں ماہم ،باندرہ،کرلا، جوگیشوری، اندھیری،گونڈی،ٹرامبے، ممبرا،میراروڈ کلیان ،تھانے رابوڑی کی مساجد میں بھی مسلمانوں نے سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا۔پونے،اورنگ آباد سنمبھاجی نگر، ناندیڑ،شولاپور اور مراٹھواڑہ اور خاندیش کے علاقوں میں احتجاج کیاگیا۔اس موقع پر حکومت کے فیصلہ پر ناراضگی اور غم وغصہ کااظہار بھی کیاگیاہے۔
