ہومNationalگڑھ چِرولی میں پولیس کو بڑی کامیابی، 7 ماؤنواز ہلاک، ایک جوان...

گڑھ چِرولی میں پولیس کو بڑی کامیابی، 7 ماؤنواز ہلاک، ایک جوان شہید

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

گڑھ چِرولی/رائے پور، 8 فروری (یو این آئی) مہاراشٹر کے گڑھ چِرولی ضلع میں سکیورٹی فورسز نے اب تک کی سب سے بڑی ماؤنواز مخالف کارروائیوں میں سے ایک انجام دے کر ماؤنوازوں کی کمر توڑ دی ہے۔ آج پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق 6 اور 7 فروری کو جاری شدید مڈبھیڑ میں پولیس کی سی-60 کمانڈو یونٹ نے 25 لاکھ روپے کے انعامی ٹاپ نکسل کمانڈر ‘پربھاکر، سمیت مجموعی طور پر 7 ماؤ نوازوں کو ہلاک کر دیا۔ اس جرأت مندانہ آپریشن میں سی-60 کے ایک بہادر جوان دیپک چِنا مڈاوی نے ملک کے لیے عظیم قربانی دیتے ہوئے شہادت پائی۔پولیس ذرائع کے مطابق خفیہ ایجنسیوں سے اطلاع ملی تھی کہ چھتیس گڑھ سرحد سے متصل ابوجھماڑ کے گھنے جنگلات میں نکسلوں کا ایک بڑا دستہ اور ‘کمپنی نمبر 10’ کے ارکان سرگرم ہیں۔ اس کے بعد گڑھ چِرولی پولیس کی خصوصی یونٹ سی-60 اور سی آر پی ایف کی ٹیموں نے 3 فروری کی رات سے ہی نارائن پور-گڑھ چِرولی سرحد کے قریب پھوڑے واڑا گاؤں کے جنگلات میں تلاشی مہم شروع کی تھی۔ آپریشن کے دوران ماؤنوازوں نے پولیس پارٹی پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔جوابی کارروائی میں سیکورٹی فورسز نے بھرپور اور منہ توڑ جواب دیا۔ 6 فروری بروز جمعہ مڈبھیڑ کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور چند نکسلوں کی لاشیں برآمد کیں۔ 7 فروری بروز ہفتہ بھی تلاشی مہم جاری رہنے پر ہلاک ہونے والے ماؤنوازوں کی مجموعی تعداد 7 ہو گئی، جن میں 4 مرد اور 3 خواتین شامل ہیں۔ مارے گئے ماؤنوازوں میں سب سے بڑا نام ‘پربھاکر،عرف لوکیٹی چندر راؤ کا ہے۔ وہ تلنگانہ کے کاماریڈی کا رہنے والاتھا اور ماؤنوازوں کی ‘گڑھ چِرولی ڈویژنل کمیٹی، کا انچارج تھا۔ جائے وقوعہ سے پولیس نے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کیا ہے، جس میں 3 اے کے-47 رائفلیں، 1 ایس ایل آر، 1 .303 رائفل، بڑی مقدار میں گولہ بارود اور نکسل لٹریچر شامل ہے۔ انتظامیہ نے شہید جوان دیپک مڈاوی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version