کواڈ سمٹ میں شرکت کیلئے دہلی نہیں آئیں گے ٹرمپ!
نوبل انعام کے لیے مودی کی حمایت نہ ملنے سے نالاں
نئی دہلی، 31 اگست:۔ (ایجنسی) امریکہ اور ہندوستان کے درمیان بڑھتی تجارتی کشیدگی کے بیچ صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اس سال کے آخر میں طے شدہ دورۂ ہند منسوخ کر دیا ہے۔ معروف امریکی اخبار ‘نیویارک ٹائمز ‘ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ اب ’کواڈ‘ چوٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے ہندوستان نہیں آئیں گے۔ اس فیصلے کو دونوں ممالک کے درمیان کشیدہ ہوتے رشتوں کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔
ٹیرف تنازعے نے ماحول کو تناؤ کا شکار بنایا
گزشتہ دنوں امریکہ کی جانب سے ہندوستانی مصنوعات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کیے جانے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں کشیدگی بڑھی ہے۔ اسی پس منظر میں اب صدر ٹرمپ کے دورۂ ہند کی منسوخی نے سفارتی سطح پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
نیویارک ٹائمز کا دعویٰ، دونوں حکومتیں خاموش
’نیویارک ٹائمز‘ نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ٹرمپ نے ابتدائی طور پر وزیر اعظم نریندر مودی کو یقین دلایا تھا کہ وہ سال کے آخر میں ہندوستان کا دورہ کریں گے، لیکن اب انہوں نے اس منصوبے سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس رپورٹ پر فی الحال نہ دہلی اور نہ ہی واشنگٹن کی جانب سے کوئی سرکاری ردِعمل سامنے آیا ہے۔
کواڈ کانفرنس کی میزبانی اب غیر یقینی
خیال رہے کہ ہندوستان رواں سال کے آخر میں کواڈ چوٹی کانفرنس کی میزبانی کرنے والا تھا۔ جنوری میں ٹرمپ انتظامیہ نے وزرائے خارجہ کی سطح پر کواڈ اجلاس منعقد کیا تھا، جو ان کے دوسرے صدارتی دور کا آغاز تھا۔ ذرائع کے مطابق تجارتی تنازعے اور ٹیرف پر اختلافات کے سبب وزیر اعظم مودی اور صدر ٹرمپ کے تعلقات میں واضح تناؤ دیکھا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، ٹرمپ کی جانب سے ہند-پاک تنازعے پر ثالثی کے دعووں نے معاملے کو مزید پیچیدہ بنا دیا ہے۔
وزیر اعظم کا واضح مؤقف
ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کینیڈا سے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیر اعظم مودی نے صدر ٹرمپ کو واضح کر دیا کہ نہ کوئی تجارتی معاہدہ زیرِ غور تھا، نہ ہی ہند-پاک جنگ میں امریکہ کی کوئی ثالثی تھی۔ جنگ بندی کی بات صرف فوجی سطح کے موجودہ چینلز سے ہوئی، اور پہل پاکستان نے کی۔
نوبل انعام کا ذکر، اختلاف میں شدت
ٹرمپ نے فون پر دعویٰ کیا کہ پاکستان انہیں نوبل انعام کے لیے نامزد کرنے والا ہے اور مودی سے حمایت کی امید کی۔ تاہم، وزیر اعظم نے اس کی حمایت سے انکار کر دیا۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق یہی انکار دونوں رہنماؤں کے درمیان تناؤ کی بڑی وجہ بن گیا۔ٹرمپ کی نوبل امن انعام کے لیے مہم اور مودی کی غیر حمایت، دونوں کے درمیان بڑھتے فاصلوں کا سبب بنی ہے۔ تجارتی کشیدگی، سفارتی اختلافات اور اب دورۂ ہند کی منسوخی – یہ سب اشارہ کر رہے ہیں کہ ہندوستان-امریکہ تعلقات ایک نازک مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں۔
