وارانسی 21 نومبر(یواین آئی)لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف بھگوان رام کے بارے میں کیے گئے تبصرے کے معاملے میں دائر نظر ثانی کی درخواست پر جمعہ کو اسپیشل جج (ایم پی-ایم ایل اے) یجوندر وکرم سنگھ کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ عدالت نے اگلی سماعت کے لیے 18 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔درخواست دائر کرنے والے وکیل ہری شنکر پانڈے نے بتایا کہ یہ درخواست پہلے ڈسٹرکٹ جج نے اسپیشل جج (ایم پی-ایم ایل اے) کی عدالت میں منتقل کر دی تھی۔ پیر کو عدالت کی طرف سے راہل گاندھی کے دہلی میں واقع پتے پر سمن جاری کیا جا سکتا ہے۔ سماعت میں ان کی طرف سے کوئی بھی وکیل موجود نہیں تھا۔مسٹر پانڈے نے بتایا کہ مئی میں ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (ایم پی-ایم ایل اے) کی عدالت میں ایک شکایت دائر کی گئی تھی۔ سماعت کے بعد اسپیشل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (ایم پی-ایم ایل اے) نے 17 مئی کو شکایت خارج کر دی تھی۔ اس حکم کے خلاف 26 ستمبر کو ڈسٹرکٹ جج کی عدالت میں نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی، جسے ڈسٹرکٹ جج نے ایم پی-ایم ایل اے کورٹ کو منتقل کر دیا تھا۔مسٹر پانڈے کے مطابق راہل گاندھی نے نیویارک کی براؤن یونیورسٹی میں بھگوان رام اور سناتن دھرم کی علامتوں پرقابل اعتراض تبصرہ کیا تھا۔ ان کے اس متنازعہ بیان سے سناتن دھرم کی توہین ہوئی اورہندوستان کی شبیہ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
