نئی دہلی، 24 مئی (یو این آئی) اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام اور محکمہ فن، ثقافت و السنہ، حکومتِ دہلی کے خصوصی تعاون سے 14 مئی تا 2 جون 2026 جاری ‘سمر کیمپ، میں چوتھی سے بارہویں جماعت تک کے تقریباً 230 طلبا سرگرمِ عمل ہیں اس بامقصد پروگرام کے انعقاد میں دہلی سرکار، بالخصوص اکادمی کے چیئرمین اور وزیر برائے فن، ثقافت و السنہ کپل مشرا کے تعاون اور سرپرستی کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ اردو اکادمی، دہلی اس بھرپور تعاون پر حکومتِ دہلی اور کپل مشرا کا تہہِ دل سے اظہارِ تشکر کرتی ہے۔سمر کیمپ کا مقصد نئی نسل میں اردو زبان و ادب سے دلچسپی پیدا کرنا، ان کی تخلیقی و فنی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انھیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔ کیمپ میں خطاطی، غزل گائیکی، پینٹنگ، داستان گوئی، شخصیت سازی اور اردو زبان دانی جیسے مختلف موضوعات شامل ہیں، جن میں ماہر اساتذہ طلبا کو عملی و نظری تربیت فراہم کر رہے ہیں۔ طلبا کو جونیئر اور سینئر زمروں میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ ان کی تعلیمی اور تخلیقی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں نکھارا جا سکے۔طلبا اور والدین کی دلچسپی کے پیشِ نظر آج ایک خصوصی محفلِ غزل کا انعقاد کیا گیا، جس میں دہلی گھرانے کے معروف غزل گلوکار جناب غلام صابر نے اپنے فن کا دلکش مظاہرہ پیش کیا اور طلبا کی فرمائش پر مقبول غزلیں سنائیں۔ اس کے بعد داستان گو تسنیم اور آستھا نے ‘آدھا آدھا، اور ‘جنت کی سیر، کے عنوان سے دلچسپ داستانیں پیش کیں، جنھیں حاضرین نے بے حد پسند کیا۔ بعد ازاں سمر کیمپ میں داستان گوئی سیکھنے والے چند طلبا نے بھی مختصر داستانیں پیش کرکے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔اس موقع پر طلبا اور والدین نے اردو اکادمی، دہلی کی اس کاوش کو نہایت مفید اور حوصلہ افزا قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے پروگرام بچوں کی ذہنی و تخلیقی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ سمر کیمپ میں شریک طلبا نہ صرف اردو زبان و ادب سے واقفیت حاصل کر رہے ہیں بلکہ فنونِ لطیفہ، اظہارِ خیال اور سماجی اقدار سے بھی عملی طور پر آشنا ہو رہے ہیں۔ اکادمی کی جانب سے تربیتی ماحول، نظم و ضبط اور بچوں کی سہولت کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے، جس کے باعث کیمپ میں طلبا کی دلچسپی روز بروز بڑھ رہی ہے۔سمر کیمپ کو طلبا اور والدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ اردو اکادمی، دہلی کی جانب سے طلبا کو ریفریشمنٹ اور ضروری تدریسی سامان مفت فراہم کیا جا رہا ہے، جب کہ اختتام پر شرکا میں اسناد بھی تقسیم کی جائیں گی۔
