تقریباً 2.89 کروڑ نام کاٹے گئے
لکھنؤ 6 جنوری(یواین آئی) الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی)نے منگل کے روز خصوصی تفصیلی نظر ثانی (ایس آئی آر) مہم کے تحت اتر پردیش کی ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری کردی ہے جس میں تقریباً 2.89 کروڑ نام کاٹے گئے ہیں۔ اب نئی فہرست کے مطابق کل ووٹروں کی تعداد 15.44 کروڑ سے کم ہو کر 12.56 کروڑ رہ گئی ہے، جو کہ تقریباً 18.70 فیصد کی کمی ہے۔ریاست کے چیف الیکٹورل آفیسر نو دیپ رنوا نے منگل کو اعلان کیا کہ ہر بوتھ پر 1500 کے بجائے 1200 ووٹروں کے حساب سے پولنگ بوتھوں کی ترتیبِ نو کے بعد اب ریاست میں 15030 نئے بوتھ شامل کیے گئے ہیں۔ اترپردیش میں پولنگ اسٹیشنوں کی تعداد 1,62,486 سے بڑھ کر 1,77,516 ہو جائے گی۔ 23 دسمبر کو الیکشن کمیشن نے ریاست کے 75 اضلاع میں 403 اسمبلی حلقوں میں ہر 1,200 ووٹروں کی بنیاد پر پولنگ اسٹیشنوں کی الاٹمنٹ کی تجویز کو منظوری دی تھی۔11 دسمبر کے اعداد و شمار کے مطابق گنتی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہوا تھا، تو ریاست میں ایسے ووٹروں کی تعداد 2.96 کروڑ تھی جن کا پتہ نہیں چل سکا تھا۔ گنتی کے تیسرے مرحلے کے بعد 26 دسمبر کے ڈیٹا کے مطابق یہ تعداد گھٹ کر 2.89 کروڑ ووٹر رہ گئی۔اعداد و شمار کے مطابق ان 28.9 ملین ووٹروں میں سے جن کا سراغ نہیں مل سکا تھا، 12.9 ملین (8.40 فیصد)مستقل طور پر منتقل شدہ، 4.6 ملین (2.99 فیصد) فوت شدہ، 2.54 ملین (1.65 فیصد) ڈپلیکیٹ اور 7.95 ملین (5.15 فیصد) لاپتہ کے طورپرزمرہ بند کیے گئے تھے۔ 774,472 دیگر ووٹروں (0.50 فیصد) نے بوتھ لیول افسران سے فارم لینے کے بعد بھی شماریاتی فارم واپس جمع نہیں کیے تھے۔
