ہومNationalمرکز ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کے تعلق سے اپنا موقف...

مرکز ایران پر امریکی و اسرائیلی حملے کے تعلق سے اپنا موقف واضح کرے: ڈاکٹر فاروق عبداللہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

جموں، 5 مارچ (یو این آئی) جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے مغربی ایشیا میں پیدا ہونے والی تازہ کشیدگی کے تناظر میں مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران کے خلاف امریکی اور اسرائیلی کارروائیوں کے بارے میں اپنا موقف واضح کرے۔کٹرا میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے موصوف نے ایران کے سپریم لیڈرکے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی آزاد اور خودمختار ملک پر اس طرح کا حملہ بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کے خلاف ہے اور اس کے سنگین عالمی اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہند کو اس معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کے بجائے اپنا واضح مؤقف سامنے لانا چاہیے تاکہ عالمی برادری کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ ہندوستان بین الاقوامی اصولوں اور خودمختاری کے احترام کا حامی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف خطے میں عدم استحکام کو بڑھاتے ہیں بلکہ عالمی امن کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ماضی میں بھی بڑی طاقتوں کی جانب سے دوسرے ممالک کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے نتائج سنگین رہے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے اس سے پہلے بھی مختلف ممالک میں ایسے اقدامات کیے ہیں جن سے خطے میں طویل مدتی تنازعات پیدا ہوئے۔انہوں نے خبردار کیا کہ اگر موجودہ کشیدگی کو فوری طور پر کم نہ کیا گیا تو یہ ایک بڑے علاقائی تصادم میں تبدیل ہو سکتی ہے اور خدشہ ہے کہ دنیا ایک اور بڑی جنگ کی طرف بڑھ سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کے قتل کی خبر کے بعد دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور کئی مقامات پر احتجاجی مظاہرے بھی ہو رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ احتجاج جمہوری حق ہے لیکن اسے ہر صورت میں پُرامن رکھا جانا چاہیے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.