وکرمادتیہ یونیورسٹی نے تحقیقات مکمل ہونے تک پروفیسرکو معطل کر دیا
اجین، 9 اپریل:۔ مدھیہ پردیش کے اجین میں واقع سمراٹ وکرمادتیہ یونیورسٹی میں بی کام، بی سی اے اور بی بی اے کے امتحانات کے دوران پوچھے گئے ایک سوال پر ہنگامہ برپا ہو گیا۔ یونیورسٹی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سوالیہ پرچہ مرتب کرنے والے پروفیسر کو معاملے کی انکوائری مکمل ہونے تک معطل کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ پروفیسر کو بلیک لسٹ کرنے کے لیے اقدامات شروع کیے جا رہے ہیں۔ یہ کارروائی 'ہندی کے پرچے میں پوچھے گئے " اللہ کے سوا دوسرا کوئی نہیں؟ سوال کے بعد کی گئی ہے۔
سوالیہ پرچہ مرتب کرنے والے پروفیسر کے خلاف کارروائی
جیسے ہی یہ پرچہ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، کانگریس ایم ایل اے مہیش پرمار نے کئی دیگر تنظیموں کے ساتھ اس سوال کے خلاف اپنا احتجاج درج کرایا اور مطالبہ مناسب کارروائی کا مطالبہ کیا۔ امتحانی کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق،متنازعہ سوال نصاب کا حصہ نہیں ہے۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر ارپن بھردواج نے کہا،’’امتحانی پرچہ مرتب کرنے والے پروفیسر کو انکوائری مکمل ہونے تک ان کی ذمہ داریوں سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ پروفیسر کو اب سے امتحانات سے متعلق کسی بھی کام میں حصہ لینے سے روک دیا جائے گا‘‘۔کیس کے سلسلے میں ملزم پروفیسر سے اس مخصوص سوال کے بارے میں وضاحت بھی طلب کی گئی ہے۔
متنازعہ سوال حذف طلباء کو ایک نمبر دیا جائے گا
امتحانی پرچے میں شامل متنازعہ سوال کو اب سرکاری طور پر پیپر سے حذف کر دیا گیا ہے۔ نتیجتاً، تمام طلباء کو اس مخصوص سوال کے بدلے ایک نمبر دیا جائے گا۔ ذمہ دار پروفیسر سے وضاحت طلب کی گئی ہے۔ جواب موصول ہونے کے بعد مزید کارروائی کا تعین کیا جائے گا۔ فی الحال، پروفیسر کو جانچ کے عمل سے متعلق تمام فرائض سے بھی ہٹا دیا گیا ہے۔سوال، اللہ کے سوا دوسرا کوئی نہیں؟ کے جواب کے لیے چار آپشن دیے گئے تھے، جن میں سومیشور، خدا، شکتیوان (طاقتور) اور ڈنڈ دینے والا ( سزا دینے والا) شامل تھے۔
