نئی دہلی، 07 اپریل (یو این آئی) کانگریس کے انچارج مواصلات جے رام رمیش نے منگل کے روز میڈیا ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین پون کھیڑا کی رہائش گاہ پر دہلی پولیس اور آسام پولیس کی آمد پر آسام حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا مسٹر رمیش نے سوشل میڈیا کے ذریعے کہا کہ مفادِ عامہ کے ایک معاملے پر سوال اٹھانے کے لیے پولیس کی پوری فوج لگانا اس بات کا ثبوت ہے کہ آسام کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما گھبرائے ہوئے، پریشان اور بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ انہوں نے اسے قانون کا جائز طریقہ کار نہیں بلکہ سیاسی انتقام قرار دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ریاستی مشینری کا استعمال اپوزیشن کی آواز کو دبانے اور ڈرانے کے لیے کیا جا رہا ہے، کیونکہ اپوزیشن حکومت کی "سیاہ کرتوتوں" کو بے نقاب کر رہی ہے۔کانگریس لیڈر نے مزید کہا کہ جو لوگ ڈرانے دھمکانے کی سیاست کرتے ہیں، وہی سب سے زیادہ ڈرے ہوئے ہوتے ہیں اور ان کے پاس چھپانے کے لیے بہت کچھ ہوتا ہے۔جے رام رمیش نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ یہ پوری کارروائی اس بات کا اشارہ ہے کہ آسام کے وزیراعلیٰ کو اپنی ہار صاف دکھائی دے رہی ہے، اسی لیے وہ اس طرح کے اقدامات کر رہے ہیں۔قابلِ ذکر ہے کہ پون کھیڑا کی جانب سے آسام میں کی گئی پریس کانفرنس اور آسام کے وزیراعلیٰ شرما اور ان کی اہلیہ پر لگائے گئے الزامات کے بعد آسام پولیس کی ایک ٹیم آج ان کے گھر پہنچی، جس کے ساتھ دہلی پولیس کے جوان بھی موجود تھے۔
