نئی دہلی، 14 مئی (یواین آئی ) چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انل چوہان، آرمی چیف جنرل اپندر دویویدی، ایئر فورس چیف ایئر چیف مارشل اے پی سنگھ اور نیوی چیف ایڈمرل دنیش ترپاٹھی نے بدھ کے روزراشٹرپتی بھون میں صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔ان اعلیٰ فوجی حکام نے صدرجمہوریہ کو پاکستان اور اس کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں دہشت گردوں، ان کے اڈوں اور ان کی مدد کرنے والوں کے خلاف ہندوستانی مسلح افواج کی مہم – آپریشن سندور کے بارے میں معلومات فراہم کیں۔راشٹرپتی بھون نے اس بارے میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں کہا، “صدرجمہوریہ کو آپریشن سندور کے بارے میں معلومات دی گئیں۔”پوسٹ میں کہا گیا کہ صدرجمہوریہ مرمو نے اپنی مسلح افواج کی بہادری اور لگن کی تعریف کی، جس نے دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کے جواب کو شاندار کامیابی بنایا۔ صدرجمہوریہ تینوں افواج کی سپریم کمانڈر ہیں۔
