واجد بیگ کا شادی ہال منہدم
بریلی، 23 دسمبر:۔ (ایجنسی) ترقیاتی اتھارٹی نے توقیر رضا کے قریبی ساتھی واجد بیگ کے شادی ہال کو منہدم کردیا۔ یہ کارروائی منگل کو پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی میں انجام دی گئی۔ یہ شادی ہال ایک ماہ قبل سیل کر دیا گیا تھا اور نقشہ کی منظوری کے بغیر تعمیر کرنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ اتحاد ملت کونسل (آئی ایم سی) کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان کے قریبی ساتھی واجد بیگ کے خلاف یہ کارروائی انتظامیہ نے پوری تیاری کے ساتھ کی۔ مولانا توقیر رضا خان بریلی تشدد معاملے میں کلیدی ملزم ہیں اور فی الحال جیل میں بند ہیں۔ بی ڈی اے حکام کے مطابق یہ شادی ہال کافی عرصے سے انتظامیہ کے ریڈار پر تھا۔ بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق واجد بیگ نے شہر کے عزت نگر تھانہ حلقے میں واقع فریدہ پور چودھری علاقے میں کروڑوں کی لاگت سے ایک شادی ہال تعمیر کرایا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق جانچ میں انکشاف ہوا کہ شادی ہال نقشہ کی منظوری کے بغیر تعمیر کیا گیا تھا۔
بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے جوائنٹ سکریٹری دیپک کمار نے بتایا کہ واجد بیگ کو تعمیراتی قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ تسلی بخش جواب نہ ملنے اور نامکمل دستاویزات کی وجہ سے تقریباً ایک ماہ قبل عمارت کو سیل کر دیا گیا تھا۔ بدھ کی صبح بی ڈی اے کی ٹیم کئی تھانوں کی پی اے سی اور پولیس کے ساتھ فریدہ پور چودھری پہنچی۔ انتظامیہ نے کسی بھی ممکنہ احتجاج یا امن و امان کی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سکیورٹی کے وسیع انتظامات کیے تھے۔ فوری طور پر بی ڈی اے کے بلڈوزروں نے شادی ہال کو مسمار کرنا شروع کر دیا۔ جوائنٹ سیکرٹری نے بتایا کہ غیر قانونی تعمیرات کو گرا دیا گیا ہے۔ واجد بیگ کو مولانا توقیر رضا کا قریبی سمجھا جاتا ہے۔ انتظامیہ کی اس کارروائی کو بریلی کے حالیہ واقعات سے بھی جوڑا جا رہا ہے۔ پولیس انتظامیہ کا الزام ہے کہ واجد بیگ نے اسلامیہ گراؤنڈ میں دھرنے اور مظاہرے کے دوران ایک بڑے اجتماع کو اکسایا۔ واجد بیگ اس احتجاج کے بعد سے پولیس جانچ کی زد میں ہیں۔ اس کارروائی سے غیر قانونی تعمیرات کرنے والوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں غیر دستاویزی کمرشل عمارتوں کے خلاف اسی طرح کی سخت کارروائی جاری رہے گی۔
