ہومNationalصدر جمہوریہ مرمو کے خطاب کے ساتھ بجٹ اجلاس کا آغاز

صدر جمہوریہ مرمو کے خطاب کے ساتھ بجٹ اجلاس کا آغاز

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

آنجہانی سابق اراکین اور بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد پارلیمنٹ کے دونوں ایوان ملتوی

نئی دہلی، 28 جنوری :۔ (ایجنسی) بدھ کے روز پارلیمنٹ میں بجٹ اجلاس کا آغاز ہو گیا ہے۔ اجلاس کا آغاز صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کے خطاب سے ہوا۔ یہ اجلاس دو مرحلوں میں منعقد ہوگا، جس کا پہلا مرحلہ آج سے 13 فروری تک جاری رہے گا۔ پارلیمانی امور کے وزیر کرن رجیجو کے مطابق دوسرا مرحلہ 9 مارچ سے شروع ہوگا اور 2 اپریل تک جاری رہے گا، جس میں بجٹ پر تفصیلی بحث ہوگی۔

آج پارلیمنٹ میں اقتصادی سروے پیش کیا جائے گا، جبکہ مرکزی وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری کو بجٹ پیش کریں گی۔ صدر مرمو نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت خوشحال کسان کو ترقی یافتہ ہندوستان کی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور اسی جذبے کے تحت پی ایم کسان سمان ندھی یوجنا شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے دیہی علاقوں میں ترقی اور روزگار کے لیے ’وِکست بھارت-جی رام جی قانون‘ کے نفاذ کا بھی ذکر کیا، جس پر اپوزیشن نے احتجاج اور نعرے بازی کی۔
صدر مرمو نے کہا کہ یورپی یونین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے سے سروس اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں کو فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے حکومت کی بدعنوانی کے خلاف کامیابی اور سرکاری فنڈز کے صحیح استعمال کا بھی دعویٰ کیا اور واضح کیا کہ دلتوں، محروم، پسماندہ اور قبائلی طبقات کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت بھرپور عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے۔
صدرجمہوریہ کے خطاب کے اختتام کے بعد، بدھ کو پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کوآنجہانی سابق ممبران پارلیمنٹ اور بنگلہ دیش کے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے دن بھر کے لیے ملتوی کر دیا گیا۔ لوک سبھا میں سابق ممبر اور مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ دونوں ایوانوں میں صدر جمہوریہ کے خطاب کی کاپی رکھنے کے بعد تعزیتی پیغام پڑھا گیا۔لوک سبھا کی کارروائی کا آغاز مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال پر تعزیت کے ساتھ ہوا، جن کی ہوائی جہاز کے حادثے میں موت ہو گئی۔
اس کے بعد سابق ممبران پارلیمنٹ شالنی پاٹل، بھانو پرکاش، ستیندر ناتھ برہما چودھری، سریش کلماڈی، کبندرا پورکایستھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بعد ازاں بنگلہ دیش کی سابق وزیر اعظم خالدہ ضیا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے جمعرات کی صبح 11 بجے تک ایوان کی کارروائی ملتوی کر دی۔دوسری طرف، جیسے ہی راجیہ سبھا کی کارروائی شروع ہوئی، سب سے پہلے ایوان کے آنجہانی سابق ممبران ایل گنیشن اور سریش کلماڈی کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم بیگم خالدہ ضیاء کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس بھی پیش کیا گیا۔ خراج عقیدت کے بعد راجیہ سبھا کے چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے ایوان کی کارروائی جمعرات کی صبح 11 بجے تک ملتوی کر دی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version