ہومNationalبرطانوی ہندی اسکالر فرانسسکا اورسینی کو ہندوستان میں داخلے سے روک کر...

برطانوی ہندی اسکالر فرانسسکا اورسینی کو ہندوستان میں داخلے سے روک کر ملک بدر کر دیا گیا

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

نئی دہلی، 22 اکتوبر:۔ (ایجنسی) برطانیہ میں مقیم معروف ہندی اسکالر اور لندن یونیورسٹی کے اسکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز (SOAS) میں پروفیسر ایمیریٹس، فرانسسکا اورسینی کو 20 اکتوبر کو دہلی ایئرپورٹ پر روک کر ہندوستان میں داخلے سے منع کر دیا گیا۔ انہیں مبینہ طور پر ویزہ کی خلاف ورزی پر ہانگ کانگ ڈی پورٹ کر دیا گیا۔وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق، اورسینی سیاحتی ویزے پر سفر کر رہی تھیں، جبکہ حکام کے مطابق وہ ماضی میں اسی نوعیت کے ویزے کو تعلیمی سرگرمیوں کے لیے استعمال کر چکی ہیں، جسے ویزہ کی شرائط کی خلاف ورزی قرار دیا گیا۔ اسی بنیاد پر انہیں مارچ 2025 تک بلیک لسٹ کیا گیا ہے۔اورسینی نے حکام کو بتایا کہ ان کے پاس پانچ سالہ ویزہ ہے، لیکن ان کے سفر کا مقصد ویزہ زمرے سے میل نہیں کھاتا تھا، جو بقول حکام، ملک بدری کی وجہ بنا۔مورخ رام چندر گوہا نے اس کارروائی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ “فرانسسکا اورسینی ہندوستانی ادب کی عظیم اسکالر ہیں جن کے علمی کام نے ہمارے ثقافتی ورثے کی تفہیم کو گہرا کیا ہے۔” انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا:”بغیر کسی معقول وجہ کے ملک بدری ایک ایسی حکومت کی علامت ہے جو غیر محفوظ، بے وقوف اور خود فریبی کا شکار ہے۔”گوہا نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ ایک طرف حکومت ہندی کی ترویج کی بات کرتی ہے اور دوسری طرف ایک ممتاز ہندی اسکالر کو ملک سے نکال دیتی ہے۔واضح رہے کہ اورسینی نے مبینہ طور پر آخری بار اکتوبر 2024 میں ہندوستان کا دورہ کیا تھا۔ یہ واقعہ برطانوی ماہر تعلیم نتاشا کول کے واقعے سے مماثلت رکھتا ہے، جنہیں رواں سال کے آغاز میں بنگلورو سے ڈی پورٹ کیا گیا تھا اور ان کا او سی آئی کارڈ بھی منسوخ کر دیا گیا تھا۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version