ہومNationalبی جے پی کا مشن جاری، یکساں سول کوڈ اور ’ون نیشن،...

بی جے پی کا مشن جاری، یکساں سول کوڈ اور ’ون نیشن، ون الیکشن‘ پر سنجیدہ غور

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

پارٹی کے یومِ تاسیس کی تقریب میں نریندر مودی کا خطاب

نئی دہلی، 6 اپریل:۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے 47 ویں یومِ تاسیس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ پارٹی کی کامیابیوں کے باوجود اس کا مشن جاری ہے اور ملک میں یکساں سول کوڈ اور ’ون نیشن، ون الیکشن‘  جیسے اہم موضوعات پر سنجیدہ گفتگو ہو رہی ہے۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی آئندہ بھی ہر چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے مثبت نتائج حاصل کرے گی۔ویڈیو پیغام کے ذریعے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ بی جے پی نے ہمیشہ قومی مفاد کو اولین ترجیح دی ہے اور حکومت کی پالیسیوں کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

انہوں نے اپنی حکومت کی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پرانے اور غیر ضروری قوانین ختم کیے گئے، پارلیمنٹ کی نئی عمارت تعمیر ہوئی، معاشی طور پر کمزور طبقات کو 10 فیصد ریزرویشن دیا گیا اور تین طلاق کے خلاف قانون بنایا گیا۔ اس کے علاوہ شہریت ترمیمی قانون (سی اے اے) اور ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر کو بھی اہم اقدامات قرار دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ان فیصلوں سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی وعدے پورے کرنے والی جماعت ہے۔ انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ قوم کی خدمت کے عزم کو مزید مضبوط کریں اور ترقی یافتہ و خود کفیل ہندوستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ایک ایسی جماعت ہے جہاں کارکن پارٹی کو اپنی ’ماں‘ سمجھتے ہیں، اسی لیے یومِ تاسیس ان کے لیے جذباتی اہمیت رکھتا ہے۔
مودی نے پارٹی کے نظریاتی پس منظر کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر شیاما پرساد مکھرجی کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ آرٹیکل 370 کا خاتمہ بی جے پی کے عزم کی مثال ہے۔ انہوں نے ’ایک بھارت، شریشٹھ بھارت‘ کے وژن کو دہراتے ہوئے کہا کہ جی ایس ٹی، ’ون نیشن، ون راشن کارڈ‘ اور دیگر اقدامات نے ملک کو متحد کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی کامیابی لاکھوں کارکنوں کی محنت اور قربانیوں کا نتیجہ ہے اور پارٹی نے ہمیشہ خدمت پر مبنی سیاست کو فروغ دیا ہے۔ این ڈی اے کے کردار کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اتحادی سیاست کو بھی قومی مفادات کے لیے استعمال کیا گیا۔ خواتین کو بااختیار بنانے کے عزم کو دہراتے ہوئے مودی نے کہا کہ آنے والے برسوں میں پارٹی مزید مضبوطی سے آگے بڑھے گی اور اپنی 50 ویں سالگرہ نئے اہداف کے ساتھ منائے گی۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.