بدایوں کی مسجد میں نماز پر پابندی ہٹا دی گئی؛ الہٰ آباد ہائی کورٹ کا حکم
الہٰ آباد، 16 مارچ:۔ (ایجنسی) الہٰ آباد ہائی کورٹ نے بدایوں کی ایک مسجد میں نماز پر پابندی لگانے والے انتظامیہ کے حکم کو منسوخ کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ نجی جائیداد پر واقع مسجد میں نماز پڑھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے اور یہ حق بنیادی ہے۔ جسٹس شیکھر بی صراف اور وویک سرن کی ڈویژن بنچ نے علی شیر اور ایک اور کی طرف سے دائر درخواست پر غور کرتے ہوئے یہ حکم جاری کیا۔ عدالت نے کہا کہ حکام کو مسجد میں نماز پڑھنے سے روکنے کی اجازت نہیں ہے۔ اگر امن و امان کا مسئلہ پیدا ہوتا ہے تو حکام کو اس کا ازالہ کرنا چاہیے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ درخواست گزار اور کمیونٹی کے دیگر افراد کو تحصیل بلسی کے گاؤں بہات جاوی میں واقع وقف مسجد رضا میں نماز ادا کرنے سے نہ روکا جائے اور سکیورٹی فراہم کی جائے۔
نجی املاک پر مذہبی سرگرمیوں کے لیے روک نہیں
درخواست گزار نے بتایا کہ مسجد ان کی جائیداد پر واقع ہے جس کا خسرہ نمبر 1081 (پرانا نمبر 432) ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ نجی املاک پر مذہبی نماز پڑھنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ ماراناتھ فل گوسپیل منسٹریز بمقابلہ ریاست یوپی اور دیگر کے معاملہ میں، الہٰ آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ نجی املاک پر مذہبی سرگرمیوں کے لیے اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔
مسجد میں نمازیوں کی تعداد محدود کرنا مسترد
واضح رہے کہ دو روز قبل ہی سنبھل ضلع کی ایک مسجد میں نماز ادا کرنے والے لوگوں کی تعداد کو محدود کرنے کے اتر پردیش حکومت کے فیصلے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ جسٹس اتل شریدھرن اور سدھارتھ نندن کی بنچ نے اس معاملے میں سخت ریمارک کرتے ہوئے کہا کہ اگر مقامی انتظامیہ امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہے تو سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس پی) اور ضلع کلکٹر کو یا تو استعفیٰ دے دینا چاہیے یا سنبھل سے ٹرانسفر طلب کرنا چاہیے۔
عبادت کے حق کو یقینی بنایا جائے: عدالت
اس سلسلہ میں 14 مارچ کو اطلاع دی تھی کہ یہ فیصلہ 27 فروری کو منظور کیے گئے ایک حکم نامے میں آیا، جس میں عدالت نے واضح کیا کہ ریاست کا فرض ہے کہ وہ ہر کمیونٹی کے مخصوص عبادت گاہ پر پرامن عبادت کے حق کو یقینی بنائے۔ اگر عبادت گاہ نجی ملکیت ہے (جیسا کہ پہلے عدالت نے حکم دیا تھا)، تو ریاست سے اجازت کی ضرورت نہیں ہے۔ یہ فیصلہ 14 مارچ بروز ہفتہ میڈیا میں رپورٹ کیا گیا۔
