11 ڈسٹرکٹ مجسٹریٹس اور کے ایم سی کمشنر معطل
کولکاتہ، 18 مارچ (یو این آئی) مغربی بنگال اسمبلی انتخابات سے قبل انتظامی غیر جانبداری کو یقینی بنانے کے لیے الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) نے بدھ کے روز ایک اہم قدم اٹھاتے ہوئے 11 ضلع مجسٹریٹس اور کولکاتہ میونسپل کارپوریشن کے کمشنر کو عہدوں سے ہٹا دیا۔ اس سے قبل ریاست کے اعلیٰ بیوروکریٹس اور پولیس افسران کو بھی تبدیل کیا جا چکا ہے۔18 مارچ کو جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کمیشن نے سینیئر آئی اے ایس افسران کے فوری تبادلوں اور بطور ڈسٹرکٹ الیکشن افسرز تعیناتی کی ہدایت دی ہے تاکہ انتخابی عمل میں شفافیت برقرار رہے۔اس رد و بدل کے تحت کئی اضلاع میں اہم انتظامی افسران کو تبدیل کیا گیا ہے اور نئے ضلع مجسٹریٹس و الیکشن افسران تعینات کیے گئے ہیں۔کوچ بہار میں راجو مشرا کی جگہ جتن یادو، جلپائی گڑی میں روی پرکاش مینا کی جگہ سندیپ گھوش، جبکہ اتر دیناجپور میں سریندر کمار مینا کی جگہ وویک کمار کو تعینات کیا گیا ہے۔ اسی طرح مالدہ اور مرشد آباد میں پریتی گویا اور نتن سنگھانیا کی جگہ بالترتیب راجن ویر سنگھ کپور اور آر ارجن کو مقرر کیا گیا ہے۔ نادیہ میں نکھیل نرمل کی جگہ شری کانت پلی، جبکہ پوربا بردھمان میں عائشہ رانی کی جگہ شویتا اگروال کو ذمہ داری دی گئی ہے۔شمالی اور جنوبی 24 پرگنہ اضلاع میں بھی تبدیلیاں کی گئی ہیں، جہاں شمالی 24 پرگنہ میں شلپا گوریساریا کو ششانک سیتھی کی جگہ اور جنوبی 24 پرگنہ میں ابھیشیک کمار تیواری کو اروند کمار مینا کی جگہ تعینات کیا گیا ہے۔ ڈارجلنگ میں سنیل اگروال کی جگہ ہری شنکر پانیکر اور علی پور دوار میں آر وملا کی جگہ ٹی بالاسبرامنیم کو نیا ضلع مجسٹریٹ و ڈی ای او مقرر کیا گیا ہے۔کولکاتہ میں کے ایم سی کمشنر انشول گپتا کی جگہ سمیتا پانڈے کو مقرر کیا گیا ہے، جو کولکاتہ نارتھ کی ضلع الیکشن افسر بھی ہوں گی، جبکہ رندھیر کمار کو کولکاتہ ساؤتھ کا ڈی ای او بنایا گیا ہے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت دی ہے کہ نئے افسران فوری طور پر چارج سنبھالیں اور 19 مارچ دوپہر 3 بجے تک عمل درآمد کی رپورٹ پیش کریں۔ جن افسران کا تبادلہ کیا گیا ہے، انہیں انتخابی عمل مکمل ہونے تک الیکشن سے متعلق کسی بھی ڈیوٹی پر مامور نہیں کیا جائے گا۔مغربی بنگال میں یکے بعد دیگرے اعلیٰ حکام کی برطرفی اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ الیکشن کمیشن ریاست میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کے انعقاد کے لیے سخت ترین موقف اختیار کیے ہوئے ہے۔
