ہومNationalتہواروں پر ملاوٹ کےخلاف کسا گیا شکنجہ

تہواروں پر ملاوٹ کےخلاف کسا گیا شکنجہ

Facebook Messenger Twitter WhatsApp

8کروڑ روپے کی ملاوٹی اشیاء ضبط

لکھنؤ:19 اکتوبر (یو این آئی)دیوالی جیسے بڑے تہواروں کے موقع پر عوام کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی ہدایت پر ریاست بھر میں ملاوٹ خوروں کے خلاف سخت مہم چلائی گئی۔ فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ایس ڈی اے) کی جانب سے 8 سے 17 اکتوبر تک جاری “دیوالی خصوصی مہم” کے دوران مختلف اضلاع میں مسلسل معائنہ اور چھاپہ ماری کی گئی، جس میں تقریباً 8 کروڑ روپے مالیت کی ملاوٹی اورصحت کے لئے مضر اشیاء ضبط اور تلف کی گئیں۔یوگی حکومت کا مؤقف ہے کہ دیوالی کا تہوار صرف روشنی اور جشن کا نہیں بلکہ پاکیزگی، شفافیت اور عوامی صحت کی حفاظت کا بھی مظہر ہونا چاہیے۔ اسی سوچ کے تحت یہ مہم شروع کی گئی ہے، جو صرف تہواروں تک محدود نہیں رہے گی۔ حکومت کا ہدف “ملاوٹ سے پاک اتر پردیش” بنانا ہے، جس کے لیے ضلع سطح پر انفورسمنٹ ٹیموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ایف ایس ڈی اے کی کمشنر ڈاکٹر روشن جیکب کی نگرانی میں چلائی گئی اس ریاست گیر کارروائی کے دوران 6075 معائنہ اور 2740 چھاپے مارے گئے۔ محکمہ کی ٹیموں نے 3767 نمونے جانچ کے لیے حاصل کیے۔ اس دوران 3548 کوئنٹل ملاوٹی یا مشتبہ مواد ضبط کیا گیا، جس کی مالیت تقریباً 4.97 کروڑ روپے بتائی گئی، جب کہ 1871 کوئنٹل نقصان دہ اشیاء کو تلف کیا گیا، جن کی قیمت 2.89 کروڑ روپئے بتائی گئی ہے۔ڈاکٹر روشن جیکب نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے تہواروں کے دوران اشیاۓ خورد ونوش کے معیار پر “زیرو ٹالرینس” پالیسی اپنانے کی ہدایت دی ہے۔ حکومت کا واضح پیغام ہے کہ عوام کی صحت سے متعلق کسی بھی سطح پر سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اسی کے تحت قصورواروں کے خلاف ایف آئی آر درج کر کے سخت کارروائی کی جا رہی ہے۔مہم کے دوران ضلعوں میں تشکیل دی گئی ٹیموں نے مٹھائی کی دکانوں، ڈیریوں، تیل ملوں اور گوداموں کا معائنہ کیا۔ چھوٹے دکانداروں کو غیر ضروری طور پر ہراساں نہ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور کسی بھی شکایت یا مشتبہ سرگرمی پر فوری کارروائی کی جا رہی ہے۔ محکمے نے خبردار کیا ہے کہ منظم ملاوٹ خوروں کے خلاف نہ صرف ایف ایس ایس ایکٹ 2006 بلکہ بی این ایس اور گینگسٹر ایکٹ جیسے سخت قوانین کے تحت بھی معاملات درج کیے جائیں گے۔محکمے نے تمام اشیاۓ خورد و نوش کے اداروں کو “فوڈ سیفٹی اسٹیکر” لگانے کے احکامات دیے ہیں، جن پر دکان کا نام، موبائل نمبر، محکمہ کا ٹول فری نمبر اور کیو آر کوڈ درج ہوگا، تاکہ صارف موقع پر ہی شکایت یا فیڈبیک درج کرا سکیں۔ جہاں صفائی یا معیار میں کمی پائی گئی، وہاں بہتری کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، جب کہ بہتری نہ لانے والے دوکانداروں کے لائسنس معطل کیے جا رہے ہیں۔

Jadeed Bharathttps://jadeedbharat.com
www.jadeedbharat.com – The site publishes reliable news from around the world to the public, the website presents timely news on politics, views, commentary, campus, business, sports, entertainment, technology and world news.
Exit mobile version