نئی دہلی، 23 اگست:۔ (ایجنسی) راجدھانی دہلی میں پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب سیکوریٹی ایک مرتبہ پھر سوالوں کے گھیرے میں ہے۔ سی آئی ایس ایف نے ہفتہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے قریب ایک اور مشتتبہ شخص کو حراست میں لیا۔ اطلاع کے مطابق مشتبہ سرگرمیوں پر نظر پڑتے ہی سی آئی ایس ایف جوانوں نے ریل بھون کے قریب سے اس شخص کو پکڑ لیا۔ فی الحال اسے دہلی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس اس کے دستاویزوں کی جانچ کر رہی ہے اور پوچھ تاچھ جاری ہے۔ حالانکہ دہلی پولیس نے صاف کیا ہے کہ پارلیمنٹ کی سیکوریٹی میں کسی بھی طرح کی خلاف ورزی نہیں ہوئی ہے۔ پولیس افسروں نے بتایا کہ یہ حراست ’روکو ٹوکو مہم‘ کے تحت ہوئی ہے۔ اس مہم میں حساس علاقوں میں مشتبہ نظر آنے والے لوگوں کو روک کر ان کی جانچ کی جاتی ہے۔ غور طلب ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں پارلیمنٹ ہاؤس کے آس پاس کسی مشتبہ شخص کے پکڑے جانے کا یہ دوسرا معاملہ ہے۔ اس طرح کے واقعات نے سیکوریٹی ایجنسیوں کی فکرمندی بڑھا دی ہے۔ جمعہ 22 اگست کو بھی پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکوریٹی میں خلاف ورزی کا سانگین معاملہ سامنے آیا تھا۔ یہاں ایک شخص پیڑ پر چڑھتے ہوئے دیوار پھاند کر پارلیمنٹ احاطہ کے اندر داخل ہو گیا۔ لیکن سیکوریٹی اہلکاروں نے درانداز کو پکڑ لیا اور اس سے پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ پولیس ڈپٹی کمشنر (نئی دہلی) دیویش مہلا نے بتایا کہ مشتبہ شخص ذہنی طور سے معذور لگتا ہے۔
